اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے بیرونِ ملک سفر کرنے والے
شہریوں کے لیے ای ٹریول ڈاکیومنٹ (ETD) کے اجرا سے متعلق نئی ہدایات جاری کر دی ہیں، جن کے تحت شناختی اور سفری دستاویزات کی مکمل تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے۔ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ای ٹی ڈی حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کی قومی شناخت اور شہریت کی جانچ پڑتال ضروری ہوگی۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ نادرا سے جاری کردہ شناختی کارڈ کی تصدیق کے ساتھ ساتھ پاسپورٹ کی جانچ بھی لازم ہوگی، چاہے وہ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ ہو یا مینوئل۔
بیورو کے مطابق اگر دستاویزات یا ریکارڈ میں کسی قسم کا تضاد سامنے آیا تو معاملہ وزارتِ داخلہ کو بھجوایا جائے گا تاکہ درخواست گزار کی قومی حیثیت کی مزید تصدیق کی جا سکے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ای ٹی ڈی صرف انہی افراد کو جاری کیا جائے گا جن کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی توثیق مکمل ہو چکی ہو۔ تاہم ایسی صورت میں، جہاں شناختی کارڈ کی تصدیق ہو جائے لیکن پاسپورٹ کی تصدیق باقی ہو، محدود بنیادوں پر ای ٹی ڈی جاری کیا جا سکے گا۔ اگر دونوں دستاویزات غیر تصدیق شدہ ہوں تو درخواست منظور نہیں کی جائے گی۔
حکام نے مزید کہا ہے کہ اگر کسی شہری کے پاس شناختی کارڈ یا پاسپورٹ موجود نہ ہو تو وزارتِ داخلہ سے تصدیق کے بعد ہی اگلا مرحلہ مکمل کیا جائے گا۔
بیورو کے مطابق امپاس اور ایف آئی اے کے سفری ریکارڈ سے بھی معلومات کی جانچ کی جائے گی، جبکہ مینوئل پاسپورٹ رکھنے والوں کی تصدیق متعلقہ پاسپورٹ جاری کرنے والے ادارے سے کی جائے گی۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر کوئی پاسپورٹ امپاس دفتر میں ضبط شدہ پایا گیا تو متعلقہ امیگریشن حکام کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے گا، جبکہ ای ٹی ڈی کے اجرا سے متعلق تمام تفصیلات وزارتِ داخلہ اور امپاس کو 24 گھنٹوں کے اندر فراہم کرنا لازمی ہوگا۔




















































