اسلام آباد (نیوز ڈیسک)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے درآمدی سولر پینلز پر کسٹمز ڈیوٹی کے تعین کے لیے نئی ویلیو ایشن رولنگ جاری کر دی ہے،
جس کے تحت مختلف اقسام کے سولر پینلز کی نئی قیمتیں مقرر کی گئی ہیں۔نئی پالیسی کے مطابق ٹیئر ون سولر پینلز کی کسٹمز ویلیو 0.105 ڈالر فی واٹ جبکہ نان ٹیئر ون پینلز کی ویلیو 0.095 ڈالر فی واٹ مقرر کی گئی ہے۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں ہونے والے اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔ادارے نے اس حوالے سے پہلے جاری کی گئی ویلیو ایشن رولنگ 2012/2025 واپس لے لی ہے۔
نئی فہرست میں جِنکو، لونگی، ٹرینا اور جے اے سولر کو ٹیئر ون برانڈز میں شامل کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ایس کے ڈی حالت میں درآمد کیے جانے والے سولر پینلز پر 12.5 فیصد کم ویلیو لاگو ہوگی، جبکہ اگر انوائس ویلیو زیادہ ہوگی تو ڈیوٹی اور ٹیکس بھی اسی حساب سے وصول کیے جائیں گے۔ایف بی آر کے مطابق سولر پینلز کی درآمد سے متعلق نئی کسٹمز پالیسی عالمی قیمتوں اور موجودہ مارکیٹ صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے مرتب کی گئی ہے۔



















































