اسلام آباد(این این آئی)بجلی صارفین گزشتہ 3سال کے دوران 19کھرب روپے سے زائد ٹیکس وصولیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
وزارت توانائی کی دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ ڈسکوز نے بجلی صارفین سے23-2022میں 5کھرب 7ارب روپے ٹیکس وصول کیے جبکہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے سال24-2023میں 6 کھرب 98ادب روپے ٹیکس کی مد میں وصول کیے۔دستاویزات کے مطابق گزشتہ سال بجلی صارفین سے 7کھرب سے زائد کی ٹیکس وصولیاں کیں گئیں، آئیسکو نے گزشتہ 3سال کے دوران 2کھرب 32ارب روپے صارفین سے ٹیکس وصول کیا۔اس کے علاوہ لیسکو نے صارفین سے 3سال میں 5کھرب 32ارب سے زائد ٹیکس وصولیاں کیں جبکہ گیپکو نے صارفین سے 3سال میں دو کھرب 40ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کیں۔اسی طرح فیسکو نے تین سال میں 3کھرب 7ارب روپے ٹیکس کی مد میں صارفین سے وصول کیے جبکہ میپکو نے 3سال میں 3کھرب 23ارب روپے اور پیسکو نے 3سال میں ایک کھرب 51ارب کی ٹیکس وصولیاں کیں۔دستاویز کے مطابق ہیسکو نے صارفین سے 3سال میں 57ارب 58کروڑ کا ٹیکس وصول کیا، کیسکو نے صارفین سے 3سال میں 24ارب 28کروڑ کی ٹیکس وصولیاں کیں اور ٹیسکو نے صارفین سے 3سال میں 1ارب 55کروڑ اور سیپکو نے 34ارب 46کروڑ روپے کی ٹیکس وصولیاں کیں۔



















































