اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے آج قوم سے اہم خطاب کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے،
جس میں وہ خطے کی موجودہ صورتحال، پاکستان کے مؤقف اور امن کے قیام کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششوں پر روشنی ڈالیں گے۔ذرائع کے مطابق اس خطاب میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور ان کے استعمال سے متعلق حکومتی پالیسی پر بھی بات کی جا سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ توانائی کے بحران سے نمٹنے اور ایندھن کی بچت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات بھی زیرِ بحث آنے کی توقع ہے۔ وزیراعظم ممکنہ طور پر عوام سے اپیل کریں گے کہ مشکل حالات میں اتحاد اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ادھر آج وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی وزیراعظم کی زیر صدارت منعقد ہوگا، جس میں خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں آئندہ کی سفارتی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ عوامی ریلیف اور معیشت کے استحکام کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔اجلاس کے بعد وزیراعظم کی صدر مملکت سے ملاقات بھی متوقع ہے، جبکہ وہ قوم کو درپیش اہم امور پر اعتماد میں لینے کے لیے اپنے آئندہ لائحہ عمل سے آگاہ کریں گے، جس میں ملکی استحکام، معاشی بہتری اور امن کے فروغ سے متعلق حکمت عملی شامل ہوگی۔



















































