اسلام آباد (نیوز ڈیسک) کراچی میں دودھ کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے،
جو کمشنر سید حسن نقوی اور ڈیری فارمرز کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد سامنے آیا۔سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق دودھ کی فی لیٹر قیمت میں 20 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 240 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔اعلامیے کے مطابق فارمرز کے لیے دودھ کی قیمت 215 روپے فی لیٹر، ہول سیل سطح پر 225 روپے جبکہ ریٹیل سطح پر 240 روپے فی لیٹر طے کی گئی ہے۔اس سے قبل کمشنر کراچی نے قیمتوں میں ممکنہ اضافے کے حوالے سے ڈیری فارمرز سے تجاویز طلب کی تھیں۔ ترجمان ڈیری فارمرز شبیر ڈار کے مطابق اس سلسلے میں اجلاس بھی منعقد ہوا تھا، جس میں مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔انہوں نے بتایا تھا کہ اجلاس کے دوران کمشنر کراچی کو کچھ دیر کے لیے جانا پڑا، جس کے باعث اس وقت کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا تھا، اور قیمتوں کے حوالے سے گردش کرنے والی بعض اطلاعات درست نہیں تھیں۔
بعد ازاں مشاورت کے عمل کو مکمل کرتے ہوئے دودھ کی نئی قیمتوں کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔




















































