لاہور (این این آئی)پنجاب حکومت نے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں شہریوں کے لیے بڑی سہولت متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت آن روڈ اور ورچوئل کارڈ کے ذریعے لائسنس حاصل کرنا ممکن ہو جائے گا۔
لاہور کے چیف ٹریفک آفیسر اطہر وحید نے اعلان کیا ہے کہ موٹر سائیکل سوار اب کسی بھی مقام سے آن روڈ ڈرائیونگ لائسنس بنوا سکیں گے، جس سے شہریوں کو ڈرائیونگ ٹیسٹنگ سنٹرز کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔چیف ٹریفک آفیسر کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل لائسنس کے علاوہ تمام لائسنسز کا ورچوئل کارڈ جاری کیا جائے گا اور ون ایپ استعمال کرنے والے ہر وارڈن کو لائسنس اجرا کرنے کی اتھارٹی دی جائے گی۔ بائیکرز کو صرف آن روڈ اپنا کوائف فیڈ کروانا ہوگا، فیس ادا کرنی ہوگی اور لائسنس حاصل کیا جا سکے گا۔ ڈاکٹر اطہروحید کا مزید کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں 16سال کے بچوں کے لیے بھی لائسنس کا اجرای شروع کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو قانونی ڈرائیونگ کی سہولت فراہم کی جا سکے،ورچوئل کارڈز کے اجراء سے حکومت کو سالانہ کروڑوں روپے کی بچت ہوگی، اور فزیکل کارڈ کی بجائے ون ایپ میں آئی ڈی کارڈ نمبر ڈالنے پر تمام ڈیٹا فوری طور پر دستیاب ہوگا۔مزید برآں لائسنس کے اجرا اور ورچوئل کارڈز کے آغاز سے متعلق سمری آئی جی پنجاب کو بھی بھجوا دی گئی ہے تاکہ صوبے بھر میں اس سہولت کو تیزی سے نافذ کیا جا سکے۔



















































