اسلام آباد (نیوز ڈیسک) کوئٹہ ایئرپورٹ پر پاکستان کسٹمز نے دبئی سے آنے والے ایک خاندان سے کروڑوں روپے مالیت کا سونا برآمد کر کے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
کسٹمز حکام کے مطابق دبئی سے آنے والی پرواز کے مسافروں کی معمول کے مطابق کلیئرنس جاری تھی کہ عملے کو ایک خاندان پر شبہ ہوا، جس کے بعد انہیں مزید جانچ کے لیے روک لیا گیا۔ بعد ازاں جب سامان کی تفصیلی اسکیننگ کی گئی تو اس میں چھپائے گئے سونے کے زیورات سامنے آ گئے۔حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کے سامان سے تقریباً 85 تولہ سونے کے زیورات برآمد ہوئے، جن کی عالمی مارکیٹ میں مالیت لگ بھگ چار کروڑ روپے بنتی ہے۔
کسٹمز حکام نے برآمد ہونے والا سونا کسٹمز ایکٹ 1969 کی متعلقہ شقوں کے تحت ضبط کر لیا ہے اور اس معاملے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ایئرپورٹس پر نگرانی مزید سخت کیے جانے کے بعد یہ اہم کارروائی سامنے آئی ہے، کیونکہ اسمگلر اکثر خاندانوں کے ساتھ سفر کر کے قیمتی اشیا غیر قانونی طور پر ملک میں لانے کی کوشش کرتے ہیں۔



















































