اسلام آباد (نیوز ڈ یسک)سیکرٹری اطلاعات سینیٹر عاجز دھامراہ کے والد، ڈاکٹر غلام حیدر دھامراہ انتقال کر گئے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی نمازِ جنازہ ہفتہ کے روز صبح 10 بجے ہائی اسکول شاہپور چاکر، ضلع سانگھڑ میں ادا کی جائے گی۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ڈاکٹر غلام حیدر دھامراہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کے صاحبزادے، پیپلز پارٹی حیدرآباد ڈویژن کے صدر سینیٹر عاجز دھامراہ، عمران دھامراہ اور دیگر اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔اپنے تعزیتی بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر غلام حیدر دھامراہ پارٹی کے ایک قیمتی اور وفادار ساتھی تھے۔ ان کی وفات کی خبر سن کر دل بے حد افسردہ ہوا۔ انہوں نے پارٹی قیادت کی تین نسلوں کے ساتھ سیاسی جدوجہد میں بھرپور کردار ادا کیا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ مرحوم کی خدمات، جدوجہد اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر غلام حیدر دھامراہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل دے۔ادھر پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے بھی سینیٹر عاجز دھامراہ کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر غلام حیدر دھامراہ پیپلز پارٹی کا قیمتی اثاثہ تھے اور ان کی وفات سے پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مرحوم کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔فریال تالپور نے مرحوم کی مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا بھی کی۔اسی طرح سینیٹر وقار مہدی نے بھی عاجز دھامراہ کے والد کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر غلام حیدر دھامراہ کی وفات سے پارٹی ایک مخلص اور نظریاتی کارکن سے محروم ہو گئی ہے۔ سینیٹر وقار مہدی نے مرحوم کے بلند درجات اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
















































