اسلام آباد (نیوز ڈیسک)خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ اتوار کے روز خیبر کے تمام قبائل کا ایک بڑا جرگہ جمرود فٹبال اسٹیڈیم میں منعقد کیا جائے گا۔وادی تیراہ میں جاری آپریشن کے حوالے سے جاری کیے گئے ویڈیو بیان میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی منتخب جمہوری حکومت کو ہٹانے کے بعد ملک میں دہشتگردی نے دوبارہ سر اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ اُس وقت حالات کی سنگینی پر جرگوں کے ذریعے توجہ دلائی گئی، مگر پی ڈی ایم کی حکومت نے ان خدشات کو محض پروپیگنڈا قرار دے کر مسترد کر دیا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ پس پردہ فیصلوں کے نتیجے میں نہ صرف امن و امان کی صورتحال بگڑی بلکہ ملکی معیشت کو بھی شدید نقصان پہنچا، جس کے باعث آج سرمایہ کار اور نوجوان بہتر مستقبل کی تلاش میں ملک چھوڑنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے بتایا کہ صوبے کی تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل جرگے نے متفقہ طور پر 15 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دی ہے، جس کا مقصد مشاورت کے ذریعے مسائل کا حل نکالنا اور خطے میں پائیدار امن قائم کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سخت سردی اور برفباری کے موسم میں لوگوں کو اپنے گھروں سے نقل مکانی پر مجبور کیا گیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اتوار دوپہر دو بجے جمرود فٹبال اسٹیڈیم میں خیبر کی تمام اقوام کا جرگہ منعقد کیا جائے گا۔ ان کے مطابق صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کی امداد کے لیے اب تک چار ارب روپے جاری کر چکی ہے۔















































