اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی آنکھ سے متعلق طبی مسئلے پر انہیں پمز اسپتال منتقل کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
اس حوالے سے صحافی اسداللہ خان کا کہنا ہے کہ ان کے ذرائع کے مطابق عمران خان کی دائیں آنکھ میں سی آر وی او (CRVO) نامی بیماری کی تشخیص ہوئی ہے، جو آنکھ کی رگ میں رکاوٹ کے باعث پیدا ہوتی ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اسی بیماری کے علاج کے لیے عمران خان کو 24 اور 25 جنوری کی درمیانی شب رات گئے پمز اسپتال لے جایا گیا، جہاں انہیں انجکشن دیا گیا۔
اسداللہ خان کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ اسپتال میں محدود عملہ موجود تھا اور عمران خان نے عملے سے خوش اخلاقی سے بات چیت کی۔ انہوں نے اسٹاف سے کہا کہ رات گئے زحمت دینے پر معذرت خواہ ہوں۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کا حوصلہ بلند تھا اور ان کی مجموعی حالت تسلی بخش تھی، تاہم صحافی نے واضح کیا کہ اس معلومات کی ابھی مکمل تصدیق ہونا باقی ہے۔
عمران خان کی دائیں اۤنکھ میں CRVO نامی بیماری کی تشخیص ہوئی ہے۔ انکی دائیں اۤنکھ کی وین میں بلاکیج ہوگئی ہے۔ اسکا سائیڈ ایفیکٹ یہ ہے کہ مناسب علاج نہ ہونے کی صورت میں بینائی متاثر ہوسکتی ہے۔ پمز اسپتال کے ڈاکٹرز اس سلسلے میں تین وِزٹ(16، 19 اور 21 جنوری کو) کر چکے ہیں۔ جیل… pic.twitter.com/lKCTq8WT3Y
— Kismat Khan (@KismatZimri) January 26, 2026
مزید بتایا گیا کہ عمران خان کی دائیں آنکھ کی رگ میں بلاکیج پیدا ہوئی ہے، جس کا بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں بینائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ذرائع کے مطابق پمز اسپتال کے ڈاکٹروں نے 16، 19 اور 21 جنوری کو اڈیالہ جیل کے دورے کیے تھے۔
صحافی کے مطابق جیل حکام کا مؤقف ہے کہ عمران خان کا علاج جیل کے اندر ہی کیا جائے، تاہم ڈاکٹر عارف نے تحریری طور پر آگاہ کیا ہے کہ مطلوبہ علاج جیل میں ممکن نہیں۔ ڈاکٹر کے مطابق عمران خان کو آپریشن تھیٹر منتقل کرنا ضروری ہے جہاں انہیں تین انجکشن لگائے جانے ہیں۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ ایک حساس معاملہ ہے اور مکمل سہولیات کے بغیر علاج کرنے سے کسی نقصان کی صورت میں ذمہ داری ان پر عائد ہو سکتی ہے، اس لیے وہ جیل میں علاج کا رسک نہیں لے سکتے۔















































