راولپنڈی (این این آئی)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانا اولین ترجیح ہے، استحکام اور سلامتی یقینی بنانے کے لیے امن دشمنوں کا خاتمہ کریں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور خطے میں جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز کی پیش رفت پر جامع بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور فیلڈ کمانڈرز بھی موجود تھے۔ آرمی چیف نے شہدا اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ قربانیاں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی لگن کی بنیاد ہیں۔انہوں نے ملک دشمن نیٹ ورکس کے خاتمے اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو ختم کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔جنرل عاصم منیر نے مادر وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی بے مثال قربانیوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ قربانیاں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قومی لچک، متاثر کن اور غیر متزلزل لگن کی بنیاد ہیں۔
انہوں نے ہر قسم کے خطرات کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لیے فوجیوں کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور غیرمتزلزل عزم کو سراہا۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے غیر قانونی اسپیکٹرم کو ختم کرنے کیلئے فوج کے پختہ عزم کا اعادہ بھی کیا۔انہوں نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے قوم اور اس کی سیکیورٹی فورسز کے اجتماعی عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا اولین ترجیح ہے۔پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ بر وقت اور مضبوط آپریشنز کے ذریعے، پاک فوج قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ملکر دیرپا استحکام اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے امن کے دشمنوں کا انتھک شکار کرے گی۔