اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ملک میں پہلی مرتبہ سرکاری محکمے پی ٹی اے نے ہفتے میں ایک دن ورک فرام ہوم کی نئی پالیسی متعارف کرادی ہے۔ پی ٹی اے نے پہلے مرحلے میں خواتین کو سہولت دیدی ہے جو گھر سے ہی سرکاری فرائض انجام دی سکیں گی۔ امریکا سمیت مختلف ممالک میں اکثر سرکاری و نجی اداروں میں ملازمت کرنے والوں کو کام کی استعداد کار اور نتائج کو بہتر بنانے کے لئے ہرصورت دفاتر پہنچنے کی بجائے ہفتے میں ایک دن گھر میں کام کرنے کی سہولت دی جاتی ہے جو دراصل ملازمین کیلئے باعث اطمینان تو ہے ہی دوسری طرف حکومت اور ادارے کے مختلف مد میں اخراجات میں بچت کا بھی سبب ہے، اب پاکستان میں بھی اس کا آغاز ہونے جارہا ہے، پہلی مرتبہ ملک میں ٹیلی کام سیکٹر کے ریگولیٹر ادارے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ہفتے کے دوران ایک دن گھر سے کام کرنے کی نئی پالیسی ورک فرام ہوم متعارف کرادی ہے جس کے لئے ٹیلی نیٹ ورکنگ کا نظام متعارف کرایا گیا ہے، یہ سہولت ادارے کی خواتین اسٹاف کیلئے متعارف کرائی گئی ہے۔