لاہور ( نیوزڈیسک) وزیراعظم کی طرف سے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے میڈیاسے بات چیت سے تحریک انصاف پریشان ہوگئی اوراس کوخاموش مہم کانام دے دیا۔وزیر اعظم نواز شریف کے اورنج لائن ٹرین اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے میڈیا سے بات چیت پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ این اے 122میں انتخابی مہم ختم ہونے کے بعد شریف برادران خاموش مہم چلا رہے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تحریک انصاف کی جانب سے ردعمل میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی حکومت اور الیکشن کمیشن کے درمیان شرمناک گٹھ جوڑ کی مذمت کرتی ہے۔ٹوئٹس کے مطابق شریف برادران این اے 122 میں انتخابی مہم ختم ہونے کے بعد بھی تمام اخلاقی حدود کو پامال کرتے ہوئے اورنج لائن ٹرین منصوبے کی تشہیر کرنے میں مصروف ہیں، انہیں یہ خاموش مہم چلانے کی اجازت کیسے دی جاسکتی ہے۔ٹوئٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن پنجاب کے رکن جسٹس (ر)کیانی یا تو اپنی روش تبدیل کریں یا لوگوں کی جانب سے احتساب کے لئے تیار رہیں جبکہ الیکشن کمیشن مسلم لیگ (ن)کی طرف داری بند کرکے این اے 122کے ضمنی انتخاب پر اثر انداز ہونے کی ان کی کوشش رکوائے۔ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی کہا کہ ہر کسی کو این اے 122کے ضمنی انتخاب میں ووٹ ڈالنے اور دھاندلی روکنے کے لیے نکلنا ہوگا جبکہ یہ ضمنی انتخاب مستقبل میں آزاد اور شفاف انتخابات کے لیے ضروری ہے۔