کراچی:کراچی میں سانحہ بلدیہ فیکٹری کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تفتیشی ٹیم نے دبئی میں فیکٹری مالکان کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد ابتدائی رپورٹ تیار کرلی ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ فیکٹری میں بھتا گروپ نے منظم منصوبہ بندی کے تحت آگ لگائی۔ کراچی کی بلدیہ فیکٹری میں آتشزدگی غلطی نہیں تھی بلکہ سازش تھی۔آگ سے فیکٹری میں کام کرنے وانے ڈھائی سو سے زائد مزدور جل کر جاں بحق ہوئے۔اب فیکٹری کے مالکان بھائیلا برادران نے دبئی میں جے آئی ٹی کو بیان ریکارڈ کرادیا ہے اور اس بیان پر ابتدائی رپورٹ تیار کرلی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق منظم منصوبہ بندی کے تحت بھتہ گروپ نے فیکٹری میں آگ لگائی۔ ذرائع کے مطابق سانحہ بلدیہ ٹاؤ ن کی تحقیقات کے لیے مزید فرانزک ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔دبئی میں بھائیلا برادران کا بیان جے آئی ٹی نے 4دن میں ریکارڈ کیا ، یہ بیان قونصل خانے میں ریکارڈ کیا گیا اور ذرائع کے مطابق بھائیلا برادران کو یقین دہانی کرائی گئی کہ ان کا بیان خفیہ رکھا جائے گا۔