لاہور (نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 9اکتوبر کو مینار پاکستان پر جلسہ کرنا چاہتا تھا لیکن ضمنی انتخاب کے باعث اب حلقے میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،ایک مرتبہ پھر ثابت کریں گے لاہور کس کا ہے اور عوام کس کے ساتھ ہیں،(ن) لیگ سرکاری وسائل کے بل بوتے پر وفاقی و صوبائی وزراءکے ذریعے انتخابی مہم چلا رہی ہے لیکن اسکے باوجود اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا ،(ن) لیگ بوکھلاہٹ کا شکار ہے جس کے بعد اس نے تشدد کی کارروائیاں شروع کر دی ہیں ۔ میڈیا سے گفتگو اور انٹر ویو میں عمران خان نے کہا کہ مزنگ چونگی پر ایسا تاریخی جلسہ ہوگا جس سے سیاسی مخالفین کی آنکھیں کھلی رہ جائیں گی اورثابت کریں گے کہ لاہور کے عوام کس کے ساتھ ہیں ۔انہوں نے پارٹی کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ9اکتوبر کو (ن) لیگ کا مقابلہ کرنے کیلئے پی ٹی آئی کے ٹائیگرز مزنگ چونگی پہنچیں ۔انہوں نے کہا کہ ہواﺅں کا رخ بتا رہا ہے کہ ضمنی انتخاب کا کیا نتیجہ آنے والا ہے اور (ن) لیگ کی پریشانی بھی اس کا ثبوت ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرکاری وسائل کے بل بوتے پر (ن)لیگ کے وفاقی و صوبائی وزراءاتخابی مہم چلا رہے ہیں ۔انہوں نے این اے 122سے تحریک انصا ف کے امیدوار عبدالعلیم خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ علیم خان کی انسانیت کیلئے بہت زیادہ خدمات ہیں ۔علیم خان سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں اور 11اکتوبر کو حلقے کے عوام انہیں ووٹ دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں 9اکتوبر کو مینار پاکستان میں جلسہ کرنا چاہتا تھا لیکن اب حلقے میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دریں اثناءپاکستان تحریک انصاف نے 9اکتوبر کے جلسے کا مقام تبدیل کر دیا ،گڑھی شاہو کی بجائے مزنگ قرطبہ چوک میں جلسہ کیا جائے گا ، الیکشن کمیشن کے خلاف اعلان کردہ احتجاجی جلسہ این اے 122کی انتخابی مہم کا حصہ بھی ہوگا۔ پی ٹی آئی کا اہم اجلاس گزشتہ روز پنجاب کے آرگنائزر چوہدری محمد سرور کی سربراہی میں ہوا جس میں جلسے کا مقام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ جلسے کا اسٹیج قرطبہ چوک میں لگایا جائے گا جبکہ شرکاءکے بیٹھنے کے لئے کرسیاں جیل پر لگائی جائیں گی ۔پی ٹی آئی کے منتظمین نے جلسے کا مقام تبدیل ہونے کے بعد نئے مقام کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنی تیاریوں کا آغاز بھی کر دیا ہے ۔ جلسے سے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان سمیت دیگر مرکزی رہنما بھی خطاب کریں گے۔