لاہور(نیوزڈیسک)وزیر اعلیٰ خیبر پختوانخواہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ خیبر پختوانخواہ کے حصے سے روزانہ پانچ سے چھ سو میگا واٹ بجلی چوری کر کے دوسرے صوبوں کو دی جارہی ہے ،اگر کوئی سمجھتا ہے کہ وہ زبردستی اور دھونس سے کالا باغ ڈیم بنالے گا تو ایسا نہیں ہو سکتا ،ہمارے تحفظات کو دور کرنے کے لئے ہرصورت وفاقی سطح پر کمیشن بنانا ہوگا ورنہ ہم اس ڈیم کی مخالفت کرتے رہیں گے،انٹر اپارٹی انتخابات کے دوران ووٹرز کو خریدنے سمیت کوئی الزام ہے اور نہ ہی مجھے کسی نے آج تک کوئی نوٹس دیا ہے ، عمران خان صوبائی معاملات میں مداخلت نہیں کرتے وہ صرف پارٹی منشور پر عملدرآمد چاہتے ہیں ،میں کوئی 1122نہیں جو ہر حادثے کے بعد دو منٹ میں پہنچ جاﺅں ،ماضی میں ہمارے صوبے میں حکومتوں نے لوٹ سیل لگاے رکھی مگر آج ہمارا احتساب کا محکمہ ااتنا مضبوط ہے کہ وہ کرپشن کی شکایات پر مجھے بھی گرفتار کر سکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے تحریک انصاف چیئرمین سیکرٹریٹ میں صوبائی وزیر توانائی محمد عاطف خان اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کر تے ہوئے کیا ۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختوانخواہ نے کہا کہ ہم نے عام انتخابات میں قوم سے جو بھی وعدے کئے ان پر مکمل عملدرآمد کیا جارہا ہے ۔ ہم نے اپنے صوبے سے تھانہ کلچر کا مکمل خاتمہ کر کے پولیس کو حقیقی معنوں میں ایک فورس بنا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ چھاپے مارنے سے محکموں کی کارکردگی بہتر او رعوام کو ریلیف مل جاتا ہے لیکن ایسا نہیں عوامی مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات ضروری ہوتے ہیں۔ مجھے کیمرے پر آنے کا کوئی شوق نہیںمیں صرف کام کرنا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے صوبے میں سرکاری ہسپتالوں اور سکولوں کے نظام کو مکمل طور پر کمپیوٹر ائزڈ کر دیاہے ،اب کوئی ڈاکٹر یا سکول ٹیچر فراڈ سے تنخواہ وصول نہیں کر سکتا اب ان کو کام کرنا پڑتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھاکہ یا تو الیکشن کمیشن نے آنکھوں پر پٹی باندھ رکھی ہیں یا ان کا (ن) لیگ کے ساتھ مک مکا ہے کیونکہ دھاندلی کی شکایات کا نوٹس نہیں لیا جارہا ۔ خیبر پختوانخواہ کے بلدیاتی انتخابات میں جو کچھ ہوا اس کی انکوائری کرنا اور ذمہ داروںکا تعین الیکشن کمیشن کی ذمہ داری تھی جس میں وہ مکمل ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر خیبر پختوانخواہ میں سب سے زیادہ بجلی چوری ہو رہی ہے تو اسے روکنا ہمارا نہیں وفاقی حکومت کا کام ہے ۔ہماری پولیس واپڈا کے ساتھ مکمل تعاون کرتی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان صوبائی معاملات میں مداخلت نہیں کرتے لیکن پارٹی چیئرمین کی حیثیت سے انہیں حق حاصل ہے کہ وہ پارٹی منشور پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اس لئے ہم ان کو بریفنگ دیتے رہتے ہیں۔ پرویز خٹک نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق نے پنجاب کو تو ریلوے کی زمین دےدی ہے اگر ہم میٹرو کے لئے خیبر پختوانخواہ میں ریلوے ٹریک مانگ رہے ہیں تو بیکار پڑی اراضی ہمیں بھی ملنی چاہیے لیکن بار بار کی درخواست کے باوجود حکومت اس پر توجہ نہیں دے رہی ۔