جمعرات‬‮ ، 21 ‬‮نومبر‬‮ 2024 

برداشت

datetime 8  فروری‬‮  2024
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بات بہت معمولی تھی‘ میں نے انہیں پانچ بجے کا وقت دیا تھا‘ نوجوان چھ بجے پہنچے‘ میرے پاس وقت کم تھا‘ میرے ایک دوست نے سوا چھے بجے آنا تھا اور سات بجے میں نے ریکارڈنگ پر جانا تھا‘ میں نے ان سے عرض کیا ’’ آپ کے پاس پندرہ منٹ ہیں‘ آپ ان 15 منٹوں میں جوگفتگو کر سکتے ہیں‘ آپ کر لیجیے‘میری بات انہیںپسند نہیں آئی‘ ان کے چہروں کا رنگ بدل گیا‘ وہ بولے ’’ ہم دور سے آئے ہیں‘ ہماری بات پندرہ منٹ میں پوری نہیں ہو سکے گی‘‘ میں نے عرض کیا ’’آپ کی بات سر آنکھوں پر مگر میری اپنی مصروفیت ہے‘

میں اس کو آگے پیچھے نہیں کر سکوں گا‘ آپ گفتگو سٹارٹ کر لیجیے‘‘ ایک نوجوان بولا ’’ میں سمجھتا ہوں‘ میں بے شمار کام کرسکتا ہوں‘ میںکیا کروں‘ آپ گائیڈکریں‘‘ میں نے عرض کیا ’’بیٹا اس کا فیصلہ انسان خود کرتا ہے‘ دنیا میں کوئی ایسی مشین ایجاد نہیں ہوئی جس میں انسان کو ڈالا جائے اور وہ مشین بتا دے‘ یہ شخص یہ کرسکتا ہے اور یہ نہیں‘ آپ اپنی صلاحیتوں کا اندازہ خود کرتے ہیں اور اس کے بعد مشورے کی باری آتی ہے‘‘ وہ نوجوان خاموش ہو گیا۔ دوسرا بولا ’’مجھے لکھنے کا شوق ہے‘ میں اچھا لکھاری کیسے بن سکتا ہوں‘‘ میں نے پوچھا ’’ کیا آپ کتابیں پڑھتے ہیں‘‘ اس نے فوراً جواب دیا ’’ ہاںلیکن زیادہ نہیں‘‘ میں نے پوچھا ’’ آپ کی عمر کتنی ہے؟‘‘ اس نے جواب دیا ’’ 22 سال‘‘ میں نے پوچھا آپ نے ان 22 برسوں میں کل کتنی کتابیں پڑھیں؟ اس نے جواب میں کتابیں گننا شروع کر دیں‘ نوجوان نے قرآنی قاعدے سمیت کل سات کتابیں پڑھی تھیں‘ میں نے جواب دیا ’’بیٹا پھر آپ اچھے لکھاری نہیں بن سکیںگے‘‘ اس نے پوچھا ’’کیوں؟‘‘ میں نے عرض کیا’’لکھنے کیلئے پڑھنا ضروری ہے اور آپ مطالعہ نہیں کرتے‘‘ تیسرے نوجوان نے پوچھا ’’ میں اپنی کمیونی کیشن سکل کیسے امپروو کرسکتا ہوں‘‘ میںنے عرض کیا ’’آپ کے پاس اگرکہنے کے لیے کچھ ہو گا تو آپ کو بولتے ہوئے کوئی پریشانی نہیں ہوگی‘ آپ اپنے ذہن میں مواد جمع کر لیں‘ آپ میں کمیونی کیشن سکل پیدا ہو جائے گی‘‘۔ یہ گفتگو جاری تھی کہ سوا چھ بج گئے‘

میرے دوست پہنچ گئے‘ میں نے ان تینوں نوجوانوں کو دروازے پر چھوڑا‘ ہاتھ ملایا اور اپنی اگلی مصروفیت میں پھنس گیا‘ مجھے دو گھنٹے بعد نوجوانوں نے موبائل پر میسیج بھجوانا شروع کر دیے‘ ان کا کہنا تھا‘ وہ میرے رویئے سے بہت مایوس ہوئے ہیں‘ وہ دور سے آئے تھے لیکن میں نے انہیں وقت نہیں دیا‘ میں نے ان سے معذرت کی اور اس کے بعد عرض کیا ’’آپ نے پانچ بجے آنا تھا لیکن آپ ایک گھنٹہ لیٹ آئے‘ میں نے سوا چھ بجے کسی اور کو وقت دے رکھا تھا اور سات بجے میری ریکارڈنگ تھی‘ آپ خود فیصلہ کیجیے‘ میں کیا کرتا؟‘‘۔ وہ میرے جواب سے مطمئن نہیں ہوئے‘ وہ آج بھی مجھے میسیج کرتے ہیں اور ان کے پیغام کا صرف ایک ہی مطلب ہوتا ہے ’’آپ بہت برے انسان ہیں‘‘ اور میں ان سے معذرت کرتا ہوں۔

یہ ہمارا عمومی معاشرتی رویہ ہے‘ ہم بہت جلد برا منا جاتے ہیں اور دوسروں کو برا بھلا کہنا شروع کر دیتے ہیں‘ آپ پاکستان کے کسی حصے میں چلے جائیں‘ آپ کو لوگ ایک دوسرے سے الجھتے نظر آئیں گے‘ ایسا کیوں ہے؟ اس کی واحد وجہ برداشت کی کمی ہے‘ ہمارا معاشرہ عدم برداشت کی انتہا کو چھو رہا ہے‘ہم عدم برداشت کی وجوہات میں پڑنے کی بجائے اس کے حل کی طرف آتے ہیں۔ ہم اگر اپنی زندگی میں تین کام کر لیں تو ہماری برداشت میں اضافہ ہو جائے گا‘ ہم اگر اپنی کمیونی کیشن امپروو کر لیں‘ ہم اگر دوسروں سے مخاطب ہونے سے قبل پوری تیاری کر لیں تو ہماری برداشت میں اضافہ ہو جائے گا مثلاً ہم اگر سٹوڈنٹ ہیں اور ہم استاد سے مخاطب ہو رہے ہیں تو ہم اپنا سوال تیار کر لیں‘ ہمارا سوال جامع‘ مختصر اور سیدھا ہونا چاہیے‘ سوال اگر گنجلک‘ لمبا اور بکھرا ہوا ہو گا تو استاد بھی پریشان ہو جائے گا‘ آپ کے کلاس فیلوز بھی آپ کا مذاق اڑائیں گے اور یوں آپ کی برداشت کا امتحان شروع ہو جائے گا‘

ہم میں سے زیادہ تر لوگ بولنے سے قبل یہ فیصلہ نہیں کرتے ’’ہم نے پوچھنا ہے یا بتانا ہے‘‘۔کمیونی کیشن کا یہ کنفیوژن ہمیں بالآخر جھگڑے کی طرف لے جاتا ہے‘ کمیونی کیشن میں سننے کے 80 نمبر ہوتے ہیں اور بولنے کے 20۔ آپ اگر اچھے سامع ہیں تو آپ کام یاب کمیونی کیٹر ہیں اور آپ اگر کانوں سے کم اور زبان سے زیادہ کام لیتے ہیں تو پھر آپ کی کمیونی کیشن ناقص ہے‘ اللہ تعالیٰ نے انسان کو کان دو اور زبان ایک دے رکھی ہے‘ اس کا مطلب ہے آپ زبان کے مقابلے میں کانوںسے کم از کم دوگنا کام لیں۔ دنیا کی بڑی سے بڑی بات ایک منٹ میں مکمل ہو سکتی ہے اور آپ گیارہ لفظوں میں اپنا پورا مافی الضمیر بیان کر سکتے ہیں‘

آپ گیارہ لفظوں اور ایک منٹ کا استعمال سیکھ جائیں‘ آپ کا مسئلہ حل ہو جائے گا‘ آپ کو اگر کسی سے کوئی کام ہو تو آپ وہ کام کاغذ پر لکھ کر لے جائیں‘ آپ متعلقہ شخص کا ٹیلی فون نمبر‘ ایڈریس اور عہدہ بھی لکھ کر لے جائیں اور یہ کاغذ اس صاحب کے سامنے رکھ دیں جس سے آپ کام کروانا چاہتے ہیں‘ آپ کے کام کے امکانات نوے فیصد ہو جائیں گے‘ موبائل پر جب بھی پیغام بھجوائیں‘ اپنا نام ضرور لکھیں اور آخری ٹپ مطالعے اور مشاہدے کے بغیر اچھی کمیونی کیشن ممکن نہیں‘ آپ کے پاس معلومات نہیں ہوں گی تو آپ کی گفتگو بے ہنگم لفظوں کے سوا کچھ نہیں ہو گی‘ آپ مطالعہ بڑھائیں آپ کی کمیونی کیشن اچھی ہو جائے گی۔

دنیا بھر کے سماجی‘ نفسیاتی اور دماغی ماہرین متفق ہیں جو انسان جسمانی مشقت نہیں کرتا اس کے جسم میں ایسے کیمیکل پیدا ہو جاتے ہیں جو اس میںٹینشن‘ انیگزائیٹی اور ڈپریشن پیدا کر دیتے ہیں اور یہ تینوں بیماریاں آپ میں عدم برداشت کا باعث بنتی ہیں‘ دنیا میں سب سے کم لڑائیاں جم‘ سوئمنگ پولز اور کھیل کے میدانوں میں ہوتی ہیں‘ آپ اگر اپنی برداشت کو بڑھانا چاہتے ہیں تو آپ ایکسرسائز کو اپنا معمولی بنا لیں‘ آپ کی عمر اگر 45 سال سے کم ہے تو آپ روزانہ کم از کم 45 منٹ دوڑ لگائیں‘ جم میں ایکسرسائز کریں‘ وزن اٹھائیں‘ ٹریڈ مل پر واک کریں‘ فٹ بال‘ ہاکی‘ سکوائش‘ بیڈمنٹن یا پھر ٹینس کھیلیں اور آپ اگر 45 سال سے زیادہ ہیں تو واک کریں‘ سوئمنگ کریں‘ ہفتے میں ایک بار مساج کروائیں‘ یوگا کریں اور بیڈ منٹن یا سکوائش کھیلیں‘ چائے خانوں‘ کافی شاپس یا پارکس میں بیٹھنا‘ سورج غروب ہوتے یا طلوع ہوتے دیکھنا‘ مہینے میں دو تین لمبی چھٹیاں کرنا‘ پہاڑوں پر چلے جانا‘ سمندر‘ دریا یا جھیل کے کنارے سیر کرنا یا جنگلوں میں چلے جانا بھی ایکسرسائز کا حصہ ہے‘ آپ روزانہ پانچ چھ کپ گرین ٹی بھی پئیں‘ یہ بھی برداشت میں اضافہ کرتی ہے‘

گوشت ہفتے میں ایک بار کھائیں‘ سبزیاں‘ دالیں اور برائون بریڈ بھی آپ کا موڈ اچھا رکھتی ہے‘ ہمارے معاشرے میں پاگل پن بڑھتا جا رہا ہے چناںچہ آپ لوگوں سے جتنا کم ملیں گے آپ کا موڈ اتنا اچھا رہے گا‘ کنجوس‘ دھوکے باز اور جھوٹے لوگوں سے پرہیز کریں‘ یہ لوگ اگر دکان دار ہیں تو آپ ان سے سودا نہ خریدیں کیوںکہ یہ آپ کا موڈ خراب کر دیں گے‘ آپ صبح سکولوں اور دفتروں کا وقت شروع ہونے سے قبل سڑک سے گزر جائیں اور شام کو چھٹی کے وقت سڑک پر نہ آئیں کیوںکہ ’’رش آورز‘‘ کے دوران ڈرائیونگ بھی آپ کے اعصاب کو متاثر کرتی ہے‘ آپ کے دوست بہت محدود ہونے چاہییں اور یہ دوست بھی خوش اخلاق اور قہقہے باز ہوں تو اللہ کا شکر ادا کریں کیوںکہ ہمارے دوست بھی اکثر اوقات ہمارے چڑچڑے پن کی وجہ ہوتے ہیں۔

ہم میں سے نوے فیصد لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں‘ کل کیا ہو گا؟ یہ نوکری چلی گئی تو ہمارا کیا بنے گا؟ میرا بچہ فیل نہ ہو جائے‘ میرے نمبر اچھے نہ آئے تو کیا ہو گا؟ بم نہ پھٹ جائے‘ چھت نہ گر جائے‘ گاڑی میں پٹرول ختم نہ ہو جائے‘ میرا ویزہ منسوخ نہ ہو جائے‘ باس ناراض نہ ہو جائے‘ ڈاکہ نہ پڑ جائے‘ ٹیکس والے نہ آ جائیں‘ تربوز کھا کر پانی پی لیا مجھے ہیضہ تو نہیں ہو جائے گا اور پتا نہیں میری نمازیں قبول بھی ہوں گی یا نہیں! یہ سارے شک‘ یہ سارے اعتراضات احساس عدم تحفظ کا ثبوت ہیں‘ ہم جب عدم تحفظ کا شکار ہوتے ہیں تو ہم چڑچڑے ہو جاتے ہیں اور یہ چڑچڑا پن ہماری برداشت کو کھا جاتا ہے‘ عدم تحفظ سے نکلنے کے بھی دو طریقے ہیں‘ پہلا طریقہ آپ اللہ تعالیٰ پر اپنا ایمان پختہ کر لیں‘ یہ بات پلے باندھ لیں دنیا میں ہر کام اللہ تعالیٰ کی مرضی سے ہوتا ہے اور اللہ تعالیٰ کسی انسان کے لیے کبھی برا نہیں کرتا‘ یہ ایمان آپ کو اندیشوں کے سیاہ جنگل سے نکال لے گا۔ دو‘ ہمارے عدم تحفظ کا 80 فیصد حصہ معیشت‘ دس فیصد صحت اور دس فیصد رشتوں سے وابستہ ہوتا ہے‘

آپ اپنے کام کو 80 فیصد اہمیت دیں اور صحت اور رشتوں کو دس فیصد وقت دیںآپ عدم تحفظ سے نکل آئیں گے۔ اپنی آمدنی کو چار حصوں میں تقسیم کریں‘ دو حصے خاندان پر خرچ کریں‘ ایک حصہ اپنی ذات پر لگائیں اور ایک حصہ بچت کریں‘ بچت کو سرمایہ کاری میں تبدیل کرتے رہا کریں‘ آپ کے پاس دس روپے بچے ہیں تو آپ انہیں کسی ایسی جگہ لگا دیں جہاں اس کی ویلیو میں اضافہ ہوتا رہے یا پھر یہ آپ کو کما کر دینے لگیں‘ اپنی ذات پر خرچ کرنے والے حصے کو سیکھنے پر استعمال کریں‘ نئے کورس کریں‘ اپنی صلاحیت میں اضافہ کریں‘ صحت پر خرچ کریں‘ کپڑے‘ جوتے اور پرفیوم خریدیں اور دوحصوں سے خاندان کو خوش حال بنائیں‘ آپ کا موڈ اچھا رہے گا‘ آپ عدم تحفظ سے نکل آئیں گے اور یوں آپ کی برداشت میں اضافہ ہو جائے گا۔

آپ اگر عدم برداشت کا شکار ہیں تو بے مزہ زندگی آپ کا کم سے کم نقصان ہوتی ہے‘ آپ عدم برداشت کے ساتھ زندگی انجوائے نہیں کر سکتے اور اگر زندگی میں مزہ نہ ہو تو زندگی موت سے بدتر ہو جاتی ہے۔

موضوعات:



کالم



ہم سموگ سے کیسے بچ سکتے ہیں (حصہ دوم)


آب اب تیسری مثال بھی ملاحظہ کیجیے‘ چین نے 1980ء…

ہم سموگ سے کیسے بچ سکتے ہیں؟

سوئٹزر لینڈ دنیا کے سات صاف ستھرے ملکوں میں شمار…

بس وکٹ نہیں چھوڑنی

ویسٹ انڈیز کے سر گارفیلڈ سوبرز کرکٹ کی چار سو…

23 سال

قائداعظم محمد علی جناح 1930ء میں ہندوستانی مسلمانوں…

پاکستان کب ٹھیک ہو گا؟

’’پاکستان کب ٹھیک ہوگا‘‘ اس کے چہرے پر تشویش…

ٹھیک ہو جائے گا

اسلام آباد کے بلیو ایریا میں درجنوں اونچی عمارتیں…

دوبئی کا دوسرا پیغام

جولائی 2024ء میں بنگلہ دیش میں طالب علموں کی تحریک…

دوبئی کاپاکستان کے نام پیغام

شیخ محمد بن راشد المختوم نے جب دوبئی ڈویلپ کرنا…

آرٹ آف لیونگ

’’ہمارے دادا ہمیں سیب کے باغ میں لے جاتے تھے‘…

عمران خان ہماری جان

’’آپ ہمارے خان کے خلاف کیوں ہیں؟‘‘ وہ مسکرا…

عزت کو ترستا ہوا معاشرہ

اسلام آباد میں کرسٹیز کیفے کے نام سے ڈونٹس شاپ…