مکہ مکرمہ(این این آئی)ماہ صیام میں دنیا بھر سے لوگوں کی بڑی تعداد نے عمرہ ادا کرنے، روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری دینے اور دیگر عبادات کرنے کے لیے حرمین شریفین کا رخ کرلیا ہے۔ اس سال مسجد حرام میں بھی غیر معمولی تعداد میں لوگ موجود ہیں۔
لوگوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر پہلی مرتبہ مسجد حرام کی تیسری توسیع کی چھت پر بھی نماز ادا کی گئی ہے۔انتظامی امور کے ادارے عمومی صدارت کے انڈر سیکرٹری کے معاون انڈر سیکرٹری برائے شمالی توسیع انجینئر ولید بن مطیع اللہ المسعودی نے “سنان الرئاس” کو بتایا کہ تیسری سعودی توسیع کو 12 سے زیادہ ہالز کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔ نمازیوں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر چھت پر بھی نماز کا انتظام کیا گیا ہے۔ قالینوں، زمزم کے پانی کے برتنوں اور مشربیوں کی مکمل خدمات فراہم کی گئیں اور چھت پر جانے کے لیے ایسکلیٹرز چلائے گئے ہیں۔انتظامی ادارے نے بتایا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ تیسری سعودی توسیع کی چھت کو استعمال کیا جارہا ہے اس توسیع میں 12 ہالز بھرنے کی گنجائش ہے۔ یہ 12 ہالز نمازیوں کے استقبال کے لیے تمام سہولیات سے لیس ہیں۔المسعودی نے مزید کہا کہ تیسری توسیع کی چھت سے مستفید ہونے کے خواہاں افراد گیٹ 123 اور گیٹ 165 استعمال کر سکتے اور چھت تک پہنچنے کے لیے ایسکلیٹرز کا استعمال کر سکتے ہیں۔