اوول(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے آل راونڈر عماد وسیم آئی سی سی کی نئی ٹی 20 بولرز رینکنگ میں پہلے نمبر پر آ گئے ہیں۔انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں صرف ایک وکٹ حاصل کرنے والے جنوبی افریقا کے عمران طاہر دو پوزیشن تنزلی کا شکار ہونے کے بعد تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں جس کے بعد پاکستان کے عماد وسیم نے اپنے کیرئیر میں پہلی مرتبہ نمبر ون پوزیشن حاصل کر لی۔نئی آئی سی سی بولنگ رینکنگ میں بھارت کے جسپریت بمرا دوسرے نمبر موجود ہیں جب کہ بیٹنگ میں بھارت ہی کے ورات کوہلی پہلے، آسٹریلیا کے آرون فنچ دوسرے اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔جنوبی افریقا کے اے بی ڈویلئرز ایک مرتبہ پھر سے ٹاپ 20 کھلاڑیوں میں شامل ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔اسی طرح آل راونڈرز کی رینکنگ میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن، آسٹریلیا کے گلین میکسول اور افغانستان کے محمد نمبر بدستور پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن میں برآجمان ہیں۔ٹیموں کی نئی رینکنگ میں نیوزی لینڈ بدستور پہلے، انگلینڈ، جنوبی افریقا کے خلاف سیریز جیتنے کے بعد 123 پوائنٹس کے ساتح دوسرے نمبر پر موجود ہے جب کہ پاکستان 121 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر ہے۔