لندن(این این آئی)پاکستان کی جیت کا جشن لند ن میں بھی خوب منایا گیا۔ برمنگھم کی سڑکوں پر پاکستانی پرچم سے مزین گاڑیوں میں ملی نغمے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے گونجتے رہے اور نوجوان نے بھنگڑے ڈالے۔میڈیارپورٹس کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا سب سے بڑا مقابلہ دیکھنے کیلئے لندن میں پاکستانی کمیونٹی نے بڑی اسکرینزکا اہتمام کیا تھا،
اس دوران پاکستانی بلے بازوں اور بالروں کی پرفارمنس پر بھرپور داد دیتے رہے۔ٹیم کی جیت کے بعد پاکستانی شائقین کرکٹ کے ساتھ لندن پولیس کے اہلکار بھی بھنگڑے ڈالتے نظر آئے۔ ایک موقع پر پاکستانی اور بھارتی شائقین آمنے سامنے بھی آگئے۔پاکستانی کی تاریخی فتح کے بعد دنیا بھر میں پاکستانیوں نے جم کر خوشیاں منائیں، لندن میں مقیم پاکستانیوں نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھرپور سراہا۔گلاسگو، آکسفورڈ، لوٹن اور کوونٹری میں بھی پاکستانی شائقین کے چہرے خوشی سے کھل رہے تھے، شائقین نے تاریخی فتح کو عید کا تحفہ قرار دے دیا۔برٹش پاکستانی اراکین پارلیمنٹ اور لارڈ نے بھی قومی ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ بڑے عرصے بعد قوم کو ایسی خوشی ملی ہے۔متحدہ عرب امارات میں بھی قومی ٹیم کی فتح کو بھرپور طریقے سے منایا گیا۔