بنگلور(آئی این پی)بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت نے پورے ایونٹ میں ناقابل شکست رہنے والی پاکستانی ٹیم کو فائنل میں9 وکٹوں سے شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔بنگلو کے چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ایونٹ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن پورے ایونٹ میں عمدہ بیٹنگ اور باؤلنگ کارکردگی دکھانے والی پاکستانی ٹیم فائنل میں بری طرح ناکام ہو گئی۔پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر 197 رنز یہ بنا سکی، بدر منیر 57 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے۔ہندوستان کی جانب سے
کیتن پٹیل اور جعفر اقبال نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں ہندوستانی اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 110 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، اجے کمار 43 رنز بنانے کے رن آؤٹ ہوئے۔کیتن پٹیل 23 رنز بنانے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے لیکن دوسرے اینڈ سے پرکاشا جیارامایا نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 99 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کو نو وکٹ کی فتح سے ہمکنار کرانے کے ساتھ ساتھ چیمپیئن بھی بنوا دیا۔یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم پورے ایونٹ میں ناقابل شکست رہی اور لگاتار دس میچ جیتے جبکہ ہندوستانی ٹیم کو ایونٹ میں واحد شکست پاکستان کے ہاتھوں ہی ہوئی تھی۔