میلبورن(آئی این پی) پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین 3ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ (کل) پیر 26دسمبر سے میلبورن میں شروع ہوگا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین دوسرا ٹیسٹ (کل) پیر 26دسمبر سے میلبورن میں شروع ہوگا،میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق4بج کر30منٹ پر شروع ہوگا۔میلوبرن میں ابھی تک دونوں ٹیموں کے مابین9ٹیسٹ میچ کھیلے گئے جن میں آسٹریلیا نے5،پاکستان نے2اور2ٹیسٹ میچ ڈرا ہوئے۔دوسرے ٹیسٹ سے قبل دونوں جانب سے کپتانوں نے ٹیم میں تبدیلی کا اشارہ دیدیا۔ آسٹریلین کپتان اسٹیو اسمتھ نے پاکستان ایک خطرناک ٹیم قرار دیتے ہوئے کہا اس ٹیم معمولی طور پر نہیں لیا جا سکتا جبکہ پاکستان کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ہماری بھر پور کوشش ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں کم بیک کریں ۔ ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ذمے دار ی سے کھیلنا ہوگا آسٹریلوی ٹیم ایک مضبوط حریف ہے ۔ کوشش کریں گے کہ آسٹریلیا کے خلاف بہتر کھیل پیش کریں۔واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین تیسرا اور آخری ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری تک سڈنی میں کھیلا جائے گا۔