کابل (این این آئی)افغان وزیر خارجہ نے پاکستانی ناظم الامور کی کابل واپسی کو دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات پر مثبت اثر قرار دے دیا۔افغانستان میں پاکستان کے ناظم الامور عبید الرحمان نظامانی کی عبوری افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کے حوالے سے افغان وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہاکہ وزیرخارجہ امیر متقی نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی ناظم الامور کی کابل واپسی سے دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات پر مثبت اثر پڑے گا۔انہوں نے پاکستان میں رہا کیے گئے افغان شہریوں کی رہائی کو خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ دیگر افغان قیدی بھی عید سے قبل رہا کردیے جائیں گے۔پاکستان ناظم الامور نے کہاکہ سفارتخانہ ویزا مسائل پر افغان وزارت خارجہ سے ملکر کام کرے گا۔