ابوظہبی ، اسلام آباد(آن لائن، این این آئی) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زایدالنہیا ن نے اپنے بڑے بیٹے شیخ خالد بن محمد بن زاید کو ابوظبی کا ولی عہد نامزد کردیا ۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شاہی فرمان میں کہا گیا ہے کہ شیخ منصور بن زاید النہیان کو متحدہ عرب امارات کا نائب صدر نامزد کیا گیا ہے۔صدارتی فرمان میں کہا گیا ہے کہ
شیخ محمد بن راشد بھی امارات کے نائب صدر کی حیثیت سے فرائض سرانجام دیتے رہیں گے۔شاہی فرمان کے مطابق شیخ ہزاہ بن زاید اور شیخ تہنون بن زاید ابوظبی کے نائب حکمران نامزد کیے گئے ہیں۔اس سلسلے میں صدر یو اے ای و ابوظبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید ال نہیان نے نئی نامزدگیوں کا فرمان جاری کردیا ہے۔ 41 سالہ نئے ولی عہد شیخ خالد پہلے ہی ابوظہبی ایگزیکٹو کونسل کے رکن اور ابوظہبی ایگزیکٹو آفس کے چیئرمین ہیں۔ انہوں نے امارات کے بہت سے بڑے حالیہ ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کی ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شیخ خالد بن محمد بن زید النیہان کی ابوظہبی کے ولی عہد کے طور پر تقرری پر انہیں مبارکباد دی ہے۔ جمعرات کو اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم نے شیخ خالد بن محمد بن زید النیہان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایک برادر ملک کے طور پر ہم اپنی مضبوط شراکت داری کو جاری رکھنے اوراپنے عوام اورخطے کے روشن مستقبل کیلئے مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔دریں اثناوزیراعظم محمد شہباز شریف نے شیخ منصور بن زید النیہان کومتحدہ عرب امارات کے نائب صدر کے طور پر تقرری پر پاکستان کے عوام اورحکومت کی جانب سے انہیں دلی مبارکباد دی ہے۔جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے شیخ منصور بن زید النیہان کو مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ ان کی تقرری متحدہ عرب امارات اور اس کے عوام کیلئے کامیابی اورخوشحالی کا نیا باب ہو۔