اعضا بیچنے کے لیے ایران میں ایک شخص نے اپنی ہی شیرخوار بچی قتل کر دی
تہران (این این آئی)ایرانی پولیس نے ایک ایسے شخص کی گرفتاری کا اعلان کیا ہے جس نے اپنی شیر خوار بیٹی کو پیسوں کے عوض اس کے اعضا بیچنے کے لیے قتل کیا تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق پولیس کے بیان میں کہا گیا کہ اس شخص نے اپنی 19 ماہ کی بچی کو میتھاڈون پلائی اور اسے نشہ آور دوا کھلانے کے بعد اس کے اعضا بیچنے کے لیے اسے اسپتال لے گیا تاہم بچی اس مادہ کے استعمال کے دوران ہی دم توڑ گئی۔شدید معاشی بحران سے دوچار ایران میں شیرخوار بچی کے قتل کے اندوہناک واقعے پر عوام میں شدید غم وغصے کی لہر دوڑ گئی۔ایران کے البرز صوبے کے پولیس چیف محمد نادر بیگی نے کہا کہ بچی کے پوسٹ مارٹم کے بعد پتہ چلا کہ اس کی موت میتھاڈون دینے سے ہوئی اور پولیس نے اس کے ظالم باپ کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس نے دوران تفتیش بچی کو جان سے مارنے کا اعتراف کیا ہے۔