اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے رہنما سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن )کے ساتھ ہوں، صدر جو ذمہ داری لگائیں گے ادا کرونگا ،مسلم لیگ (ن )ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لے رہی، انتخابات وقت پر ہوں گے، جس نے قانون توڑا ہے اس پر مقدمہ بننا چاہیے ۔ پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پارٹی سے کوئی اختلاف نہیں ہے،
انہوںنے کہاکہ پارٹی سے اختلافات سے متعلق سوال سے مجھے اختلاف ہے،میں مسلم لیگ ن کے ساتھ ہوں،پارٹی صدر جو ذمہ داری لگائیں گے ادا کروں گا، ابھی ای سی سی کے اجلاس میں شرکت کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف کے ساتھ طے ہونے والی شرائط وہی ہیں جو ماضی کی حکومتیں بھی کر چکی ہیں، جو ریونیو شاٹ فال آتا ہے اس کو پورا کیا جاتا ہے، یہ ملکی مفاد میں ہے تاکہ ملک میں معاشی استحکام آسکے۔ صحافی نے سوال کیاکہ اسحاق ڈار کی آئی ایم ایف سے ڈیلنگ کیسی ہے ؟ جس پر جواب دیتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہاکہ اسحاق ڈار کی ڈیلنگ ویسی ہی ہے جیسی آپ کی صحافت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ (ن )ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لے رہی، انتخابات وقت پر ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ جس نے قانون توڑا ہے اس پر مقدمہ بننا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ جن مقدمات کے شواہد ہیں وہ چلنے چاہئیں،میں کسی سال سے عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کررہا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ میرا نیب سے ہمیشہ مطالبہ رہا ہے کہ مقدمات چلائیں۔ ایک سوال پر سابق وزیر اعظم نے کہاکہ پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف سے کی گئی کمٹمنٹ پوری نہیں کی اس کی قیمت ادا کررہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ انتخابات کی تاریخ الیکشن کمیشن نے دینی ہے،آئین کہتا ہے کہ نوے روز میں انتخابات ہونے ہیں۔