لاہور( این این آئی)مسلم لیگ (ن) نے پنجاب کے نگران وزیراعلی کے تقرر کے حوالے سے اپنی مشاورت مکمل کرلی، مجوزہ ناموں کو پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سمیت اتحاد میں شامل دیگر جماعتوں کے سربراہوں سے مشاورت کے بعد حتمی شکل دی جائے گی،
حمزہ شہباز کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے وزیر اعلی پنجاب سے نگران وزیر اعلیٰ کے ناموں پر مشاورت کیلئے ملک محمد احمد خان کو حمزہ شہباز کا نمائندہ مقرر کر دیا گیا ۔ ماڈل ٹائون لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف کی رہائشگاہ پر پارٹی کی سینئر لیڈر شپ کا اجلاس منعقد ہوا ۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور چیف آرگنائزر مریم نواز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔ اجلاس میں اسحاق ڈار، احسن اقبال ، سعد رفیق، اعظم نذیر تارڑ، سلیمان شہباز، ملک محمد احمد خان، عطا اللہ تارڑسمیت دیگر شریک ہوئے ۔اجلاس میں نگران وزیراعلی کے نام تجویز کرنے کے لئے مشاورت کی گئی اورمختلف ناموں پر تفصیلی غوروخوض کیاگیا۔ بتایا گیا ہے کہ تین ناموں کو شارٹ لسٹ کرنے کے بعد اتحادی رہنمائوں سے مشاورت کرکے حتمی شکل دی جائے گی ۔ مزید بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے بھی مختلف تجاویز زیر غور آئیں ۔ نواز شریف نے ہدایت کی کہ اب ہم نے عزم کے ساتھ عملی طور پر میدان میں نکلنا ہے اور ان شا اللہ فتح ہماری ہوگی ۔ اجلاس میں پنجاب میں آئندہ عام انتخابات کیلئے ٹکٹوں کی تقسیم ، انتخابی مہم ، امیدواروں کی شارٹ لسٹنگ سمیت مخلص اور فعال کارکنوں کو آگے لانے کا فیصلہ کیاگیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ تحلیل ہونے والی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کے والدہ کی علالت کے باعث بیرون ملک مقیم ہونے کی وجہ سے پارٹی نے وزیر اعلیٰ سے مشاورت کے لئے ملک محمد احمد خان کو ان کے نمائندے کے طور پر مقرر کر دیا ہے ۔