لاہور(این این آئی)پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعد نگران سیٹ اپ کیلئے مشاورت کے عمل میں تیزی آ گئی، مسلم لیگ (ن) میں زیر غور آنے والے مختلف نام سامنے آ گئے گورنر پنجاب کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور تحلیل ہونے والی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو نگران وزیر اعلیٰ کیلئے نام بھجوانے کے لئے باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔ حمزہ شہباز اس وقت بیرون ملک مقیم ہیں جس کی وجہ سے ان کی جماعت میں نگران وزیر اعلیٰ کے نام پر مشاورت شروع کر دی گئی ہے۔ مسلم لیگ (ن) میں جسٹس (ر)خلیل الرحمان رمدے، سابق بیوروکریٹ ناصر محمود کھوسہ اور جسٹس (ر)جواد ایس خواجہ کے نام زیر غور آئے ہیں جبکہ پارٹی کی قیادت نے سینئر رہنماؤں سے مزید نام بھی طلب کر لئے۔