اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی کے بعد ڈالر کی اڑان کو مسلسل ریورس گیئر کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس حوالے سے نجی ٹی وی کے مطابق پیر کو کرنسی مارکیٹ میں انٹربینک میں
ڈالر 95 پیسے سستا ہوکر227 روپے 50 پیسے پر آگیا۔ 7 روز میں انٹربینک میں ڈالر 13روپے مجموعی طور پر سستا ہوچکا ہے۔دوسری جانب ملک بھر میں پہلے کاروباری روز کے اختتام پر ڈالر کی قیمت میں کمی ریکار ڈ کی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق امریکی ڈالر مسلسل گراوٹ کا شکار ہے جس کے باعث ملک بھر میں پاکستانی روپیہ مزید تگڑا ہو رہا ہے۔کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹر بینک میں ڈالر مزیدایک روپیہ اور سترہ پیسے پیسے سستا ہو گیا ہے جس کے بعد امریکی کرنسی 227 روپے 28 پر فروخت ہو رہی ہے۔جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپیہ سستا ہو کر 229روپے کا ہوگیا۔ مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار روپے کی قدر کو مستحکم رکھنے کے ماہر سمجھے جاتے ہیں جسکی وجہ سے مارکیٹ میں ڈالر کے طلب گاروں کی ڈیمانڈ بھی رک گئی ہے۔دوسری جانب ڈالر کی قیمت مستحکم رکھنے کے لیے حکومت نے ایف آئی اے کو ٹاسک دیتے ہوئے مشتبہ منی چینجرز اور حوالہ ہنڈی کرنے والوں کے خلاف فوری کریک ڈائون کی ہدایت کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے کے چیف آف اسٹاف کے دستخط سے زونل دفاتر کو ایک مراسلہ جاری ہوا ہے، جس میں مشتبہ منی چینجرز اور حوالہ ہنڈی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈالر کی اسمگلنگ روکنے کے لیے اقدامات کا فیصلہ وفاقی وزیر خزانہ کی سربراہی میں اجلاس میں ہوا۔ مراسلے میں کہا گیا کہ ڈالر کی قیمت میں یومیہ بنیادوں پر اتار چڑھائو سے معیشت پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔
مراسلے کے مطابق کریک ڈائون کی ہفتہ وار رپورٹ ڈائریکٹر ای سی ڈبلیو کو ارسال کی جائے گی، کارروائیوں کی آڑ میں ممکنہ کرپشن کی روک تھام کے لیے زونل ڈائریکٹرز نظر رکھیں گے۔