اسلام آباد (آن لائن/مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن نے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ساتھ لندن میں پیش آئے واقعات پر کسی قسم کی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ فیصلہ ہو گیا ہے
مریم اورنگزیب کیساتھ برطانیہ میں واقعے پر کارروائی نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ واقعے سے ہمیں کوئی نقصان نہیں جنہوں نے کیا ان کا نقصان ہوا برطانیہ میں پیش آئے واقعے سے ہمیں ہمدردیاں ملی ہیں اگر ان واقعات پر کارروائی کریں گے تو ہمدردیاں ختم ہوجائیں گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل وزارت داخلہ نے مریم اورنگزیب کو ہراساں کرنے والے 14 پاکستانیوں کا ڈیٹاحاصل کرلیا اور ان کا کریکٹر سرٹیفکیٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔وزارت داخلہ نے ہراسگی میں ملوث 14 پاکستانیوں کا ڈیٹا حاصل کر لیا ہے، ملوث افراد میں چار خواتین اور دس مرد شامل ہیں۔ہراساں کرنے والوں کی شہریت کے حوالے سے بھی تمام تفصیلات حاصل کرلی گئیں ، جس کے بعد ان افراد کے پاکستان سے جاری تمام کریکٹرسرٹیفکیٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کی ویڈیوز ہم نے دیکھی ہیں، وہ اس قابل نہیں انہیں دیکھا جائے یا دکھایا جائے۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ آج کے زمانے میں ریکارڈنگ کوئی اتنا بڑا کام نہیں رہا، مبینہ آڈیو میں وزیراعظم کی ساکھ مجروح نہیں ہوتی کیونکہ اس میں کوئی غلط بات نہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان اپنے متعلق جن ویڈيوز پر اپنے کارکنوں کو ذہنی طور پر پہلے سے تیار کرتے رہے ہیں، وہ ویڈیوز ہم نے دیکھی ہیں، ویڈیوز اس قابل نہیں کہ انہیں دیکھا جائے یا دکھایا جائے