اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے اعلان کیا ہے کہ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے لندن میں بدتمیزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائیگی،ویزے کے حصول کے لیے وزارت داخلہ ایک کریکٹر سرٹیفکیٹ جاری کرتی ہے، اس طرح کے واقعات میں ملوث افراد کے کریکٹر سرٹیفکیٹ بھی منسوخ کیے جائیں گے،
مسلم لیگ (ن )کے رہنمائوں کے خلاف جو ٹرینڈ چل پڑا ہے وہ ناقابل قبول ہے، اس پر مکمل کارروائی ہو گی، ایسے افراد کے پاکستانی پاسپورٹ بھی کینسل کریں گے،ہم نے اپنے کارکنوں کی حوصلہ افزائی کی تو پھر آپ بھی گھر سے نہیں نکل سکیں گے، وزیراعلیٰ بتائیں مونس الٰہی کس حیثیت میں سرکا ری میٹنگز میں بیٹھتے ہیں۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہاکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ میں پاکستان کا مقدمہ بہترین انداز میں لڑا،وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر بھی بھرپور انداز سے دنیا کے سامنے اجاگر کیا۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نے دنیا کو باورکرایا کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں جارحانہ رویہ کسی صورت برداشت نہیں۔ انہوںنے کہاکہ لندن میں مریم اورنگزیب کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں، مریم اورنگزیب کو ہراساں کرنے کے معاملے پر برطانیہ سے رابطہ کریں گے۔ معاون خصوصی نے کہاکہ یہ ملک کی عزت کا سوال ہے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں گے، وزیر داخلہ سے درخواست کروں گا کہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوںنے کہاکہ آپ کوجان کرحیرانی ہو گی کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس جون سیابھی تک جاری ہے،پرویز الہٰی کو ڈر ہے کہ اجلاس کے اختتام پر گورنر پنجاب ان کو اعتماد کے ووٹ کا نہ کہہ دیں۔ عطاء تارڑ نے کہاکہ پنجاب میں فنڈز کی بندربانٹ کی جا رہی ہے، پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے ایک دن کے اخراجات ایک کروڑ روپے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ چار ماہ سے جاری اجلاس پر اب تک 120کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں، پرویز الہٰی کے پاس اراکین کی تعداد پوری نہیں تو وہ گھر کیوں نہیں چلے جاتے۔
انہوںنے کہاکہ امریکا کیساتھ تعلقات بحال کرنے کیلئے عمران خان نیامریکن لابی کی خدمات حاصل کیں،وزیراعظم کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے4ارب روپے بی آئی ایس پی کیذریعے پنجاب کو دئیے گئے۔
عطاء تارڑ نے کہاکہ ملک میں سیلابی صورتحال ہے اور پنجاب حکومت کی شاہ خرچیاں ختم نہیں ہو رہیں،وزیراعلیٰ بتائیں مونس الٰہی کس حیثیت میں سرکا ری میٹنگز میں بیٹھتے ہیں۔