فیصل آباد (این این آئی ) فیصل آباد کی مقامی عدالت میں خدیجہ تشدد کیس کے مرکزی ملزم شیخ دانش کی بیٹی کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے ملزمہ انا شیخ کی ضمانت قبل از گرفتاری 3 ستمبر تک منظور کر لی ہے،ملزمہ کی دونوں مقدمات میں ضمانت منظور کی گئی ہے۔ملزمہ انا شیخ تھانہ ویمن اور ایف آئی اے کے کیسز میں مطلوب ہے۔
درخواست میں فیصل آباد کی عدالت سے انا شیخ کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرنے کی استدعا کی گئی۔قبل ازیں فیصل آباد کی مقامی عدالت نے طالبہ خدیجہ تشدد کیس پر سماعت کی،ملزم دانش کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پرعدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزم دانش کا مزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ملزم کو وکلا کے ممکنہ تشدد سے بچانے کیلئے کیس کی سماعت بذریعہ ویڈیو لنک کی گئی۔ ملزم دانش کو دوبارہ 26 اگست کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں فیصل آباد کی مقامی عدالت میں طالبہ پر تشدد کے واقعہ کیخلاف کیس پر سماعت ہوئی۔ملزم دانش کو مجسٹریٹ راجہ علی رضا کی عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔فریقین کے وکلا نے عدالت میں دلائل دئیے،عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔ بعد ازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا اور اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔ملزم دانش کو 23 اگست کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔تشدد میں ملوث ملزم پر وکلا نے تشدد کیا،ملزم دانش کو زدو کوب سے بچانے کیلئے قریبی عدالت میں لے جایا گیا۔ملزم دانش پر طالبہ پر تشدد اور جوتے چٹانے کا الزام ہے۔انسانیت سوز تشدد کیس میں متاثرہ طالبہ اور اس کے گھر والے نامعلوم مقام پر منتقل ہو گئے،سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد نے طالبہ اور اس کے اہلخانہ کو فوری سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔