لاہور(این این آئی)کابینہ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے لیجسلیٹیو بزنس نے ایک ایم او یواور 3 قوانین میں ترامیم کی منظوری دے دی۔یہ منظوری صوبائی وزیر برائے کوآپریٹوز، انوائرنمنٹل پروٹیکشن اور پارلیمانی امور محمد بشارت راجہ کی سربراہی میں
منعقدہ اجلاس میں دی گئی جس میں صوبائی وزرا ء خرم شہزاد ورک اور علی افضل ساہی نے شرکت کی۔اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ میاں شکیل احمد، سیکرٹری فنانس افتخار امجد، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سید مبشر حسین اور سیکرٹری آرکائیوز ثاقب منان کی جانب سے متعلقہ رولز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اسٹینڈنگ کمیٹی نے تمام رولز پر تفصیلی بریفنگ کے بعد منظوری دی۔ صوبائی وزیر محمد بشارت راجہ نے کہا کہ منظور کردہ ایم او یو کے تحت ازبکستان کے شہر تاشقند اور لاہور کو سسٹر شہر کا درجہِ دیا جائے گا۔ دونوں شہروں میں ٹورازم، تجارت اور انفراسٹرکچر کے فروغ کے لئے مزید روابط کار بڑھائیں جائیں گے۔محمد بشارت راجہ نے کہا کہ اسٹینڈنگ کمیٹی نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کے چیئرپرسن، ممبر اور سیکرٹری کے ترمیمی رولز 2022 کی بھی منظوری دی۔پنجاب سیلز ٹیکس ان سروسز (ریکوری)رولز 2012 کے رولز 12 اور 13 میں نوٹس دینے سے متعلق ترامیم کی گئیں جبکہ پنجاب سیلز ٹیکس آن سروسز (انفورسمنٹ)رولز 2014 کے رول 6 میں جائیداد کی قرقی سے متعلق طریقہ کار میں ترمیم بھی منظور کی گئی۔صوبائی وزیر کوآپریٹوز کا کہنا کہ رولز میں ترامیم کی منظوری لاہور ہائیکورٹ کے آرڈرز کی روشنی میں دی گئی۔ محمد بشارت راجہ نے کہا کہ قائد اعظم لائبریری ریگولیشنز 1984 میں ترامیم کی بھی منظوری دی گئی۔