صوابی (این این آئی)یوسی دوبیان میں اے این پی کی بڑی وکٹ گر گئی، جنرل سیکرٹری اے این پی یوسی دوبیان میاں اسفندیار باچہ اپنے خاندان سمیت پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے۔صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پاکستان کی
سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے، پی ٹی آئی نے پاکستان کی سیاست کا رخ بدل دیا ہے،بار بار باریاں لینے والوں کی سیاست کو عوام سمجھ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یکساں تعلیم کو لازم کیا آج امیر اور غریب کا بچہ ایک ہی کتاب پڑھتا ہے، مفت کتابوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سکولز میں دینی تعلیم کو لازمی کیا۔سکولز میں فرنیچرز فراہم کیا جا رہا ہے اب ہر بچہ کرسی پر بیٹھے گا ٹاٹ کلچر ختم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوابی میں بڑے بڑے منصوبے لگائے تعلیم، صحت، روڑز، بجلی کی مد میں اربوں روپے کے منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔ شہرام خان ترکئی نے بچوں کے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کرانے میں محکمہ تعلیم کے ساتھ تعاون کریں کیونکہ علم ہی سے روشن ہونگے کل او رآج ۔ یہی بچے ہمارا مستقبل ہے اس لئے تمام والدین اپنے بچوں کو سکول بھیجیں کیونکہ سرکاری سکولوں میں نہ صرف مفت تعلیم دی جاتی ہے بلکہ جدید اور اعلی تعلیم کی سہولت بھی میسر ہے دنیا کی کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر سر بلندی کا خواب پورا نہیں کر سکتی اسی سوچ اور تصورکے ساتھ خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں تعلیم کے فروغ کو اولین ترجیح دی ہے ۔