سیلاب میں پھنسی بچیوں کو بچانے والے نوجوانوں کیلئے انعام کا اعلان
گلگت (این این آئی)وزیر اعلیٰ جی بی کی جانب سے سیلابی ریلے میں پھنسی 2 بچیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت بچانے والے
2 نوجوانوں کیلئے سرکاری اعزاز اور اور نقد انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔وزیرِ اعلیٰ خالد خورشید نے بچیوں کو ریسکیو کرنے والے
نوجوانوں محمد جواز اور عاصم کیلئے سرکاری ایوارڈ اور فی کس 2 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ
نوجوانوں نے بچیوں کو بچا کر بہترین مثال پیش کی ہے۔انہوں نے بہادری کا مظاہرہ کرنے والیدونوں نوجوانوں کو معاشرے کیلئے
رول ماڈل بھی قرار دیا ہے۔واضح رہے کہ گلگت کے سیلابی ریلے میں 2 بچیاں پھنس گئیں جنہیں معجزانہ طور پر بچا لیا گیا ،
واقعہ کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وائرل ہوتی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو کم سن بچیاں بے یار و مددگار سیلابی ریلے میں پھنس گئیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق 2 نوجوانوں محمد جواز اور عاصم نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر ان بچیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت سیلابی ریلے سے نکال لیا۔