لاہور( این این آئی)لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی جانب سے دائر درخواست پر اینٹی کرپشن کو شیخ رشید کو غیر قانونی ہراساں کرنے سے روکتے ہوئے
27 جولائی کو اینٹی کرپشن سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے شیخ رشید کی اینٹی کرپشن میں طلبی کے خلاف
درخواست پر اعتراض سے متعلق سماعت کی۔جسٹس فاروق حیدر نے رجسٹرار آفس کو شیخ رشید کی فائل پر نمبر لگانے کی ہدایت کر تے ہوئے ریمارکس دئیے کہ
آفس کے اعتراض کو جوڈیشل سائڈ پر دیکھیں گے۔شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ درخواست پر آج ہی سماعت کر لیں کیونکہ اینٹی کرپشن نے طلب کیا ہے۔
جسٹس فاروق حیدر نے کہا کہ ابھی کیس کو نمبر لگنے دیں پھر دیکھیں گے۔ بعد ازاں کیس کی سماعت ہوئی تو وکیل نے شیخ رشید کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ
زمین کا سودا ہوا ہے ابھی ادائیگی ہونا باقی ہے ،ابھی دس سے پندرہ فیصد بیانہ ہوا ہے ،زمین کا قبضہ ابھی بھی میرے پاس ہے ،جس کو زمین فروحت کی ہے اس نے 80 فیصد ادائیگی کرنی ہے ۔