اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک/آن لائن)پنجاب کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف کی انتخابی مہم میں تیزی آگئی، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی لاہور میں ڈیرے ڈال لئے اور مختلف مقامات پر کارکنوں سے خطاب کیا۔نجی ٹی وی ٹوئنٹی فور کے مطابق سجادہ نشین سندر شریف مخدوم سید محمد حبیب عرفانی نے تحریک انصاف کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا۔
پی پی 167تحریک انصاف کی انتخابی مہم کے سلسلے میں سابق سپیکرقومی اسمبلی اسدقیصر نے گرین ٹاو¿ن میں کارکنان سے میٹنگ کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے دو دن آرام نہیں کرنا پاکستان کے لئے نکلنا ہے اور پی پی ایک سوستاسٹھ میں چودھری شبیرگجرکوکامیاب کروانا ہے۔ اسد قیصر نے کہاکہ ووٹرکو گھروں سے نکالیں اورتحریک انصاف کو ووٹ ڈلوائیں۔ان کا کہناتھا کہ لاہور کی چاروں نشستوں پرتحریک انصاف کامیاب ہو گی۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے میاں محمود الرشید کے ہمراہ پی ٹی آئی آفس جیل روڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سپریم کورٹ کے فیصلے پر شدید تحفظات ہیں۔آرٹیکل 188کے تحت نظرثانی پٹیشن فائل کردی ہے۔ میاں محمودالرشید کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں انتظامی مداخلت جاری ہے، پولیس کے ذریعے خوف وہراس کی ہوا بنائی جارہی ہے۔ادھر ممبر اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان و سجادہ نشین سندر شریف مخدوم سید محمد حبیب عرفانی کا ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کردیا اورمریدین کو تحریک انصاف کے ساتھ بھرپور تعاون اور ووٹ دینے کی ہدایت کی۔ دوسری جانب ) مسلم لیگ (ن) کی رکن حناپرویز بٹ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت آئین شکنی کے مرتکب افراد کیخلاف آرٹیکل 6کی کاروائی کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی۔
سپریم کورٹ کا آئین پاکستان کے تحفظ کا فیصلہ قابل تعریف ہے۔سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں آئین شکنی کے مرتکب افراد کی نشاندہی کی ہے۔
سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری اور فواد چوہدری نے دانستہ طور پر آئین شکنی کی۔صدر عارف علوی ،عمران خان اور سپیکر اسد قیصر بھی آئینی شکنی کے مرتکب ٹھہرائے گئے ہیں۔
سپریم کورٹ نے آئین پاکستان کا کھلواڑ کرنے والی کی نشاندہی کی ہے۔لہٰذا یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں آئینی کے مرتکب افراد کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔