مقبوضہ بیت المقدس (این این آئی)اسرائیلی سائنسدانوں نے ایک قدرتی کیمیکل دریافت کیا ہے جو زخموں کو تیزی سے ٹھیک کرتا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایک ایسا قدرتی کیمیکل دریافت کرلیا ہے جو زخموں کو دو گنا
تیزی سے ٹھیک کرسکتا ہے۔اطلاعات کے مطابق سائنسدانوں نے ابھی خنزیروں پر اس کیمیکل کا تجربہ کیا اور اس کی وجہ سے ان کے زخم دوگنا تیزی سے بھر گئے۔سائنسدانوں کو امید ہے کہ وہ ایسی ہی خصوصیات کے ساتھ ایسا مادہ بنا سکتے ہیں جو انسانوں پر بھی کام کرے۔ اطلاعات کے مطابق زیر بحث کیمیکلDiindolylmethaneیا DIM ہے۔ یہ ایک ایسا کیمیکل ہے جسے ہمارا جسم قدرتی طور پر بناتا ہے جبکہ یہ بروکولی اور گوبھی جیسی متعدد سبزیوں میں بھی پایا جا سکتا ہے۔پہلے سائنسدانوں کا خیال تھا کہ DIM کینسر کے خلیات کو تباہ کرنے اور سوجن کو کم کرنے میں بھی مدد کر سکتا ہے تاہم بیکٹیریا پر اس کے اثرات کا مطالعہ کرتے وقت محققین کو معلوم ہوا کہ یہ بیکٹیریا کے کام کرنے کی صلاحیت کو نقصان پہنچاتا ہے، جس سے زخم تیزی سے ٹھیک ہوتے ہیں۔یہ جانچنے کیلئے کہ یہ کیمیکل کتنا مؤ ثر ہے؟ محققین نے اینٹی بائیوٹکس اور DIM دونوں کا استعمال کرتے ہوئے کئی خنزیروں کے زخموں کا علاج کیا تو معلوم ہوا کہ اینٹی بائیوٹک سے علاج کیے جانے والے زخموں کو اوسطاً مکمل طور پر ٹھیک ہونے میں تقریباً 10 دن لگے جبکہ DIM سے علاج شدہ زخموں کو ٹھیک ہونے میں صرف 5 دن کا وقت لگا۔اطلاعات کے مطابق محققین نے کیمیکل کے ان نتائج کو جرنل فارماسیوٹکس میں شائع کیا۔ مطالعے کے
نتائج سے معلوم ہوا کہ DIM زخموں پر بیکٹیریا کے خلاف اینٹی بائیوٹکس کے مقابلے میں مختلف ردعمل ظاہر کرتا ہے۔روایت کے مطابق اینٹی بائیوٹکس زخم پر موجود بیکٹیریا کو مار دیتی ہیں اور اس کے بعد، ٹشو کی ایک نئی پرت بڑھتی ہے تاہم مردہ ٹشو اور مردہ بیکٹیریا زخم کے ارد گرد بڑھنے کے لیے موجود ہوتے ہیں۔تاہم، DIM سے زخم تیزی سے بھرتے ہیں کیونکہ یہ بیکٹیریا کو نہیں مارتا۔ یہ ایک دلچسپ تصور ہے اور اس تحقیق کرنے والے محققین میں سے ایک پروفیسر ایریل کشمارو نے ٹائمز آف اسرائیل کو بتایا کہ زخموں کے علاج کے لیے DIM کا استعمال گیم چینجر ہے۔رپورٹس کے مطابق سائنسدان فی الحال کیمیکل کو جانوروں کے لیے مرہم بنانے پر کام کر رہے ہیں تاہم مستقبل میں اس پر اور تحقیق کرکے اسے انسانوں پر استعمال کرنے کا تجربہ کیا جائے گا۔