اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی/آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے مسافروں سے 50 ہزار فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کا سخت نوٹس لے لیا ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے ہوائی اڈوں پر مسافروں سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کی شکایات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے غیر قانونی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا حکمنامہ فوری معطل کرنے کا حکم کر دیا گیا ۔
وزیر اعظم نے ہدیات کی کہ ہوائی اڈوں پر مسافروں کو تنگ کرنے کا سلسلہ فوری بند کیا جائے۔وزیراعظم نے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کے فیصلے کی تحقیقات کرانے کا حکم دے دیا۔ وزیر اعظم نے حکم دیا کہ کابینہ کی منظوری کے بغیر ‘ایف ای ڈی’ کی وصولی کیسے اور کیوں ہوئی، تحقیقات کی جائیں۔ وزیر اعظم نے وزیر خزانہ کو حکم دیا کہ فی الفور تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے۔ وزیر اعظم نے وزیر خزانہ کو ہدایت کی کہ جن لوگوں کی وجہ سے مسافروں کو اذیت کا سامنا کرنا پڑا، انہیں عہدوں پر رہنے کا حق نہیں۔ وزیراعظم نے وزیر خزانہ کو ہدایات کی کہ جن مسافروں سے ایف ای ڈی وصول کی گئی ہے، انہیں رقوم واپس کی جائیں۔وزیراعظم نے اپنے احکامات پر فوری عمل درآمد اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی رپورٹ طلب کرلی۔ دوسری جانب فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے واضح کیا ہے کہ یکم جولائی 2022 سے پہلے جاری ہونے والی انٹرنیشنل ایئر ٹکٹس پر نئی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان انٹرنیشنل ہوائی ٹکٹوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا نفاذ نہیں ہوگا جو یکم جولائی 2022 سے پہلے جاری کی گئی ہیں۔ فنانس بل 2022 کے تحت کلب، بزنس اور فرسٹ کلاس انٹرنیشنل ہوائی ٹکٹوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی دس ہزار سے بڑھا کر پچاس ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ فیڈرل ایکسائز رولز 2005 کے رول 41A کے سب سیکشن 8 کے تحت فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی انٹرنیشنل ہوائی ٹکٹ کے اجرا کے وقت ہی وصول کی جائے گی۔