بیت اللہ کے دیدار کی تڑپ لیے بیرون ملک سے آنے والے حجاج کرام مکہ معظمہ پہنچنے پر بے حد خوش
ریاض (این این آئی)سعودی عرب سے باہر سے آنے والے حجاج کرام مکہ معظمہ پہنچنے پر بے حد خوش نظر آ رہے ہیں۔
دوسرے ملکوں سے آنے والے فرزندان توحید کرونا وبا کی وجہ سے دو سال کی پابندی کے بعد جذباتی، خوشی سے سرشار اور بیت اللہ کے دیدار کی تڑپ لیے ہوئے ہیں۔
طواف اور حج و زائرین کی خدمات کے ماہر احمد حلبی نے عرب ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وبا کے نتیجے میں سعودی عرب کے
باہر سے آنے والے عازمین کی تقریبا دو سال کی غیر حاضری کے بعد وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا کہ اس سال حج سیزن کے لیے
مملکت کے اندراور باہر سے آنے والے عازمین کی تعداد 10 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حجاج کی واپسی کے ساتھ ہی تیاریاں شروع ہوگئیں۔
اس لیے طواف کمپنیز، زمازمہ کمپنی، جنرل آٹوموبائل یونین اور حجاج کی خدمت میں کام کرنے والے تمام شعبوں نے حجاج کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے اپنی انسانی اور مشینی صلاحیتوں کو متحرک کردیا۔ ہم سب حاجیوں کی خدمت کے لیے بے تاب ہیں۔