اسلام آباد(آن لائن)وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں صحت سہولت کارڈ منصوبے کو جاری رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ آئی ایم ایف نے پہلے ہی صحت سہولت پروگرام کی باضابطہ اجازت دے رکھی ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے عام عوام کیلئے
پی ٹی آئی حکومت کی طرف سے جاری صحت سہولت کارڈ کے منصوبے کو جاری رکھتے ہوئے اسلام آباد کے ہسپتالوں میں مفت صحت سہولت پروگرام کو جاری رکھتے ہوئے10لاکھ تک انشورنس گھر کے سربراہ کو میسر کر رکھا ہے۔آئی ایم ایف کے ساتھ وفاقی حکومت کے پہلے دور کے مذاکرات میں صحت سہولت پروگرام کے حوالے سے بات چیت کے دوران اس پروگرام کو جاری رکھنے کی استدعا کی گئی تھی،جس کی آئی ایم ایف نے پہلے ہی منظوری دے رکھی تھی تاہم وفاق کے مختلف سرکاری ونجی ہسپتالوں میں تاحال مفت صحت سہولت جاری ہیں۔اس حوالے سے پمز کے ترجمان نے بتایا کہ صحت کارڈ کی سہولت پمز میں جاری ہے اور مختلف آپریشن بالخصوص دل کے امراض کے مریض اس سے مستفید ہورہے ہیں جبکہ یہ سہولت پینل پر موجود نجی ہسپتالوں میں بھی جاری ہے۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے صحت سہولت کارڈ کو پورے اسلام آباد کے شہریوں کو جاری کیا تھا اور شناختی کارڈ ہی صحت کارڈ تصور کیا جاتا جس کے ذریعے گھر کے سربراہ کے نام پر10لاکھ روپے تک مفت علاج معالجے کی سہولت میسر ہے۔