اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)پی پی پی نےتحریک انصاف کے بعد ق لیگ کی اہم وکٹ گرا دی، گلگت بلتستان سے سابق امیدوار ق لیگ عطا اللہ پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی سینٹرل سیکرٹریٹ اسلام آباد میں شمولیتی پروگرام کاانعقاد کیاگیا
جس میں گلگت بلتستان سے سابق امیدوار ق لیگ عطا اللہ پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے۔واضح رہے کہ تحریک انصاف سندھ کے اہم رہنما اور پی پی 87 ملیرکراچی سے ٹکٹ ہولڈر سردار قادر بخش خان گبول نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا ۔ پی ٹی آئی سابق رہنما قادر بخش نے پی پی کی سینئر رہنما فریال تالپور سے ملاقات کی اور پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ قبل ازیں گزشتہ ماہ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و مشیر زراعت منظور وسان نے مسلم لیگ (ف) کی 6 وکٹیں گرا دی ہیں۔تفصیلات کے مطابق یوسی سونو گوپانگ تعلقہ کوٹڈجی کے عبد الستار مھر، غلام عباس مہر، شیرمحمد مہر، محمد نواز مہر، شاہ محمد اور نظر حسین مہر ف لیگ چھوڑ کر پی پی پی میں شامل ہوگئے۔فنکشنل لیگ رہنماؤں نے منظور حسین وسان سے وسان ہاؤس کراچی میں ملاقات کے بعد پی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔دوسری جانب لودھراں سے مسلم لیگ (ن )کے سابق ایم این اے پیر اقبال شاہ اور سابق ایم پی اے پیر عامر اقبال شاہ نے پاکستان تحریک انصاف میں باضابطہ شمولیت کرلی ۔ پیر کو دونوں اراکین نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی جس میں لیگی رہنما نے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف شمولیت کا اعلان کیا ۔
ملاقات میں ملکی موجودہ سیاسی صورتحال اور بدترین معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان تحریک انصاف کے مطابق
دونوں رہنماؤں نے عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہا ر کیا اور کہا کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل صرف اور صرف عمران خان کے پاس ہے۔