لاہور (این این آئی)پاکستان کے نامور قوال اور گلوکار نصرت فتح علی خان کے گانوں کو بالی ووڈ میں سب سے بہتر کس کس نے کاپی کیا تھا، اس حوالے سے ان کا ایک پرانا انٹرویو منظر عام پر آیا ہے۔مرحوم نصرت فتح علی خان نے اپنے انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ ان کے
گانوں کے میوزک کو سب سے بہتر جن ڈائریکٹرز نے کاپی کیا تھا ان میں انو ملک اور وجو شاہ شامل ہیں۔شہنشاہ قوال نصرت فتح علی خان نے جب بھارتی فلموں کے لیے موسیقی کو ترتیب دیا تو نوے کی دہائی کے شروع میں بہت سے ہندوستانی موسیقاروں کو متاثر کیا۔ان کے بہت سے گانے ہٹ ہونے کے بعد چند سالوں میں بھارتی فلموں کے لیے دوبارہ بنائے گئے تھے۔نصرت فتح علی خان کا بھارتی میڈیا کو دیا گیا ایک انٹرویو سامنے آیا ہے جس میں ان سے سوال کیا گیا کہ انہیں کس میوزک ڈائریکٹر نے اپنے کام کے حوالے سے متاثر کیا ہے؟ اور ان کے گانوں کو کس نے سب سے بہترین کاپی کیا ہے؟ جس پر لیجنڈ گلوکار نے جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ وجو شاہ نے ان کے گانوں کو اچھا کاپی ہی نہیں کیا بلکہ انہوں نے بہت اچھا کام کیا ہے، جبکہ انو ملک نے بھی گانوں کو بہت اچھا کاپی کیا ہے۔نصرت فتح علی خان کے انٹرویو کی ویڈیو میں وجو شاہ کا 1994 میں فلم مہرہ کے لیے گانا ’تو چیز بڑی ہے مست مست‘ اور 1995 میں فلم یارانہ کے لیے انو ملک کی جانب سے کمپوز کیا گیا ’گانا میرا پیا گھر آیا‘ جسے مادھوری ڈکشٹ پر فلمایا گیا تھا، موجود تھا۔