اسلام آباد (این این آئی) نجی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے اس بیان ”کہ نگران وزیراعظم کیلئے معیشت دانوں کے انٹرویوز راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہو رہے ہیں“کی تردید کی ہے۔
جمعرات کو نجی ٹی وی کے اینکر پرسن اور سینئر صحافی حامد میر نے اپنے پروگرام میں گزشتہ روز دیئے گئے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے اس بیان ”کہ نگران وزیراعظم کیلئے معیشت دانوں کے انٹرویوز راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہو رہے ہیں اور 31 مئی سے پہلے فیصلے ہو جائیں گے“۔سینئر صحافی نے کہا کہ میں نے شیخ رشید کے بیان کے حوالے سے آئی ایس پی آر سے رابطہ کیا تو انہوں نے سابق وزیر داخلہ کے اس بیان ”کہ نگران وزیراعظم کیلئے معیشت دانوں کے انٹرویوز راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہو رہے ہیں“کی تردید کی۔ حامد میر کے مطابق جب انہوں نے شیخ رشید کے حوالے سے تحریک انصاف کی لیڈر شپ سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ اس کی سیاست ہی یہ ہے کہ اداروں کا نام استعمال کرتا، جھوٹ بولتا اور پیشین گوئیاں کرتا ہے۔ واضح رہے کہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے ستمبر میں الیکشن ہونے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم کے انٹرویو کے لیے معیشت دانوں کو پنڈی بلایا جارہا ہے۔ ایک انٹرویومیں شیخ رشید نے کہا کہ حساس اداروں کی اکثریت کی رائے ہے کہ الیکشن ہی حل ہیں۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ میں اداروں کا خاص تھا، ہوں اور رہوں گا۔