اسلام آباد (این این آئی)قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اسد قیصر کی جانب سے قومی اسمبلی میں بھرتیوں اور پروموشنز میں اقربا پروری کی مزید تفصیلات سامنے آگئیں جس کے مطابق سابق اسپیکر اسد قیصر نے 72 سال کے ایک شخص کو بھاری تنخواہ اور مراعات پر بھرتی کیا۔نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ عبداللطیف یوسفزئی کو ایم پی ون اسکیل دے کر قانونی امور پر مشیر بھرتی کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق عبداللطیف یوسفزئی کو 19 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ اور مراعات پر بھرتی کیا گیا، ایڈوائزر کی موجودگی کے باوجود نیشنل اسمبلی سیکرٹریٹ نے پرائیویٹ وکلا کی خدمات حاصل کیں۔ذرائع کے مطابق بجٹ اجلاس میں ایڈوائزر کو آنریریم کی ادائیگی کے بعد 30 لاکھ روپے تنخواہ دی گئی، 2019 میں 2 سال کیلئے بھرتی کیے گئے ایڈوائزر کی ملازمت میں ایک سال توسیع کی گئی ہے۔