اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر صحافی ، کالم نگار اور اینکر پرسن سلیم صافی نے اپنے کالم میں طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اور اس کے یورپی اتحادی ان دنوں سب کام چھوڑ کر عمران خان کی حکومت گرانے میں لگے ہوئے ہیں۔
انہوں نے پی ٹی آئی کے ممبرانِ اسمبلی پر دبائو ڈال کر انہیں عمران خان سے بغاوت پر مجبور کیا ۔ پھر ان ممبران کے لئے مسلم لیگ(ن)، جے یو آئی اور پیپلز پارٹی سے آئندہ انتخابات میں ٹکٹوں کے وعدے لئے ۔امریکی صدر جوبائیڈن اور برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے پہلے زرداری ، شہباز شریف اور مولانا کی ملاقاتیں کرائیں اور پھر قاف لیگ اور ایم کیوایم سے ان کی ڈیل کروائی۔شہباز شریف اور نواز شریف کو اس بات پر آمادہ کیا کہ وہ پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ بنائیں ، پھر جوبائیڈن اور بورس جانسن ان کے درمیان ضامن بنے۔ پھر ایم کیوایم اور زرداری کی ملاقاتیں کروائیں۔ دونوں مسلسل کالیں کرکے زرداری صاحب کو مجبور کرتے رہے کہ وہ ایم کیوایم کے مطالبات تسلیم کریں اور پھر یورپی یونین کی پوری قیادت کو ان کے مابین ضامن بنا دیا۔امریکہ ، برطانیہ اور یورپی ممالک ایران کو بھلا چکے ہیں، انہوں نے چین کا معاملہ کچھ وقت کیلئے موخر کردیاہے ، یوکرین اور روس کا بس وہ صرف نام لے رہے ہیں لیکن ان کی تمام تر توجہ پاکستان پر مرکوز ہے ۔ سی آئی اے ، ایم آئی سکس ، را اور موساد وغیرہ عمران خان کو فارغ کرنے میں لگی ہیں ۔