کراچی (این این آئی)وفاقی وزیر خارجہ اور پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے سندھ کے عوام کو کہا ہے کہ وقت آگیا، خود داری کا مظاہرہ کریں، غلامی کی زنجیریں توڑ دیں۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ سندھ کی عوامی رابطہ مہم
کے لیے گھوٹکی کے لیے روانہ ہورہا ہوں۔ سندھ کے عوام سے درخواست ہے کہ سوچنے کا وقت آگیا ہے، سندھ کے عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام 15 سال سے ایک حکومت اور کرپشن تلے دبے ہوئے ہیں۔ امید ہے سندھ کا پسا ہوا طبقہ کرپشن اور ناقص حکمرانی کے خلاف سر اٹھائے گا۔ عوام خود داری کا مظاہرہ کرینگے اور باہر نکلیں گے۔انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ غلامی کی زنجیریں توڑو اور اپنے مستقبل کے لیے بڑھو۔ بلاول بھٹو کو پنجاب آنے کا حق پہنچتا ہے، وہ آئیں اپنی عوامی رابطہ مہم چلائیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ امید ہے سندھ حکومت ہمارے قافلے میں رکاوٹ نہیں ڈالے گی، اگر ایسا ہوا تو پی ٹی آئی پنجاب کے کارکن نوٹ کررہے ہوں گے۔ جمہوری روایات کو سامنے رکھتے ہوئے آپ اپنا موقف پیش کریں۔ ہمیں بھی اپنا موقف پیش کرنے دیں۔