کھاریاں (مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی)پولیس تھانہ سٹی جلالپورجٹاں نے طالبہ سے دست درازی اور پرس چھیننے والے ملزم کو چند گھنٹوں میں گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق جلالپور جٹاں کے علاقہ محلہ اقبال کالونی میں کالج سے واپس آتے ہوئے طالبہ سے نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزم نے دست درازی کی اور پرس چھننے کی کوشش کی۔طالبہ نے ہمت دکھائی اور ملزم کو روکنے کی کوشش کی اور موٹر سائیکل سے گرا دیا۔ ملزم موقع سے فرار ہو گیا، طالبہ نے فوری اس واقعہ کی پولیس کو اطلاع دی۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او سٹی جلالپور جٹان اپنی نفری کے ہمراہ موقعہ پر پہنچے اور علاقہ کی ناک بندی کروائی۔ڈی پی او گجرات عمر سلامت نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او سٹی جلالپور جٹاں Si عدنان تارڈ کو ہدائیت جاری کی کہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ملزم کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے، جس پر ایس ایچ او سٹی جلالپور جٹاں نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزم کو ٹریس کر کے نفری کے ہمراہ مختلف جگہوں پر ریڈ کر کے ملزم علی رضا ولد محمد رفیع سکنہ موجوکی کو چند گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔