جوہانسبرگ (این این آئی)جنوبی افریقا نے افغانستان سے پاکستان جانے والے افغان مہاجرین کو اپنے ملک لانے سے معذرت کرلی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی افریقا نے کہا کہ وہ ان افغان مہاجرین کو اپنے ملک میں پناہ دینے کی حالت میں نہیں ہے
جو اپنا ملک چھوڑ کر پڑوسی ملک پاکستان پہنچے ہیں۔جنوبی افریقا کے ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز اینڈ کوآپریشن نے اپنے بیان میں کہا کہ جنوبی افریقی حکومت کو درخواست کی گئی ہے کہ وہ پاکستان میں پناہ لینے والے کچھ افغان مہاجرین کو اپنے ملک لانے پر غور کرے۔ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ درخواست کس کی جانب سے کی گئی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ہمارے ملک سے درخواست کی گئی ہے کہ ان مہاجرین کو اس وقت تک اپنے ملک میں رکھا جائے جب تک وہ اپنی حتمی منزل کیلئے روانہ نہیں ہوجاتے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق مہاجرین کی خیر و عافیت کو بہترین طریقے سے یقینی اسی وقت بنایا جاسکتا ہے جب وہ اپنی حتمی منزل کی جانب روانہ ہونے سے قبل اسی ملک (پاکستان) میں رہیں جہاں وہ سب سے پہلے پہنچے تھے۔جنوبی افریقی ادارے کا کہنا ہے کہ ملک پہلے ہی بڑی تعداد میں مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے اور ان کی ضروریات پوری کررہا ہے۔ ان مہاجرین کو سماجی معاونت کے پروگرامز اور میڈیکل ہیلتھ پروگرامز کے تحت سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔