لاہور( این این آئی)صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس نے انکشاف کیا ہے کہ اساتذہ کی ٹرانسفر پوسٹنگ کی مد میں ایک اندازے کے مطابق سالانہ تقریباً 3ارب روپے کی
رشوت دی جاتی تھی جسے ایک ایپ کے ذریعے ختم کر دیا ہے ،اکیڈمی کلچر کو ختم کرنے جارہے ہیں اور پہلے مرحلے میں امسال دسمبر سے نویں سے بارویں جماعت کے لئے آن لائن اکیڈمی کا آغاز کیا جارہا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک آن لائن اکیڈمی شروع کریں گے۔ یہ باتیں انہوں نے لاہور میں کنونشن کے دوران وزیر اعظم عمران خان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائیں ۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی ٹرانسفر پوسٹنگ کے لئے پچا س ہزار سے ڈیڑھ لاکھ روپے تک لئے جاتے تھے لیکن ایک ایپ کے اجراء سے تقریباً 3ارب روپے کی رشوت روکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اکیڈمی کا کلچر بھی ختم کرنے جارہے ہیں او رآن لائن اکیڈیمیز کا قیام عمل میں لائیں گے جہاں پر طلبہ کو نصاب کے ریکارڈڈ لیکچر ز کے ساتھ آن لائن لیکچرز بھی دئیے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں امسال دسمبر میں نویں سے بارویں جماعت جبکہ دوسرے مرحلے میں پہلی سے آٹھویں کے لئے آن لائن اکیڈیمیز کا نظام لائیں گے۔